معراج النبی ﷺ ایک عظیم معجزہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حضور نبی اکرم ﷺ نے اسرار کائنات کا بنفس نفیس مشاہدہ کیا: بانی منہاج القرآن
نماز پنجگانہ امت مسلمہ کے لئے سفر معراج کا ایک عظیم الشان تحفہ ہے
دعا ہے اللہ مقدس رات کے صدقے امت کو اتحاد کی نعمت عطا فرمائے

Dr Tahir ul Qadri

لاہور (28 فروری 2022) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ”معجزہ معراج النبی ﷺ“کے مقدس و مبارک موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شب معراج اللہ رب العزت کی طرف سے حضور نبی اکرم ﷺ کو قیامت تک ہونے والے واقعات کا پیشگی علم عطا ہوا اور آپ ﷺ نے اسرار کائنات کا بنفس نفیس مشاہدہ کیا۔ معراج النبی ﷺ کو روح کا سفر کہنا عقل و دانش کے خلاف ہے۔ اگر خالی روح نے سفر کرنا تھا تو پھر براق کے بھیجے جانے کی کیا ضرورت تھی؟ براق کا بھیجا جانا پیغام ہے کہ آپ ﷺ کو جسم اطہر کے ساتھ مشاہدہ حق کے لئے بلایا گیا۔ انہو ں نے کہا کہ معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم نے کی ہے۔ معجزات رسول اکرم ﷺ کے باب میں خود قرآن حکیم بھی حضور اکرم ﷺ کا ایک دائمی اور ابدی معجزہ ہے۔ واقعہ معراج النبی ﷺ اللہ کریم کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔ واقعہ معراج کا تعلق ایمان اور وجدان سے ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات اقدس بھی دلیل توحید ہونے کی وجہ سے ایک زندہ معجزہ ہے۔ پنجگانہ نماز امت مسلمہ کے لئے سفر معراج کا ایک عظیم تحفہ ہے۔ ہر مسلمان اس عظیم تحفے کو سینے سے لگا کر رکھے نماز کا یہ تحفہ دنیا و آخرت کی کامیابی وکامرانی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی معراج اطاعت مصطفی ﷺمیں ہے۔ محسن انسانیت ﷺ نے جو نظام عطا کیا وہ جامع اور کامل ترین ہے ان کا عطا کیا ہوا مصطفوی نظام خیر وسلامتی کا ضامن ہے۔ شیخ الاسلام نے دعا کی کہ اللہ رب العزت پاکستان کی حفاظت فرمائے عوام کو ہر نوع کی آفات سے محفوظ و مامون رکھے اور اس مقدس رات کے صدقے امت کو اتحاد و اتفاق کی نعمت عطا فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top