دہشت گردی تنگ نظری سے جنم لیتی ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 05 مارچ 2022ء

اسلام دین امن ہے مگر افسوس ہمارا نصاب تعلیم امن کی اہمیت سے خالی ہے
شیخ الاسلام نے انسداد دہشت گردی اور فروغ امن کے لئے 40 سے زائد کتب تحریر کیں

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri

لاہور (5 مارچ 2022ء) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی عدم برداشت اور تنگ نظری سے جنم لیتی ہے۔ دہشت گردانہ فکر کو جڑ سے کاٹنے کے لئے نصاب تعلیم بالخصوص مدارس دینیہ کے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ اسلام دین امن ہے مگر افسوس ہمارا نصاب تعلیم امن کی اہمیت اور افادیت سے خالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسداد دہشت گردی و انتہا پسندی اور فروغ امن کے لئے 40 سے زائد کتب تحریر کیں اور اُمت کو امن نصاب دیا جسے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو نظام المدارس پاکستان کے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، امن اور اخلاق کو ایک مضمون کے طور پر شامل نصاب کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغ امن کے لئے پوری دنیا میں اپنا تصنیفی، تالیفی، تعلیمی و تربیتی کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی خوشحالی اور سلامتی امن سے وابستہ ہے۔ جہاں بدامنی ہو گی وہاں غربت اور بدحالی ہو گی۔ دہشت گرد پاکستان کو افراتفری کا شکار کر کے اس کا معاشی مستقبل برباد کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، اولیائے اللہ کے مزارات، امام بارگاہوں، مندروں، چرچوں، گردواروں میں خودکش حملے کرنے والے فسادی ہیں۔ ان کا ایجنڈا فساد فی الارض ہے۔ ایسے فسادیوں کا ایک علاج ریاستی طاقت کا بھرپور استعمال اور اس کا دوسرا علاج نصاب تعلیم پر نظرثانی اور دوہرے تہرے نظام تعلیم کو بدلنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام نے سب سے زیادہ دہشت گردی کے زخم سہے ہیں اور پاکستان کے عوام سلیوٹ کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے لاتعداد جانی و مالی قربانیاں دینے کے باوجود دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں، مساجد، امام بارگاہوں، مندروں، چرچوں، ہر جگہ سے فروغ امن اور انسداد دہشتگردی کی آواز اٹھنی چاہیے۔ امن کے لئے تمام طبقات اور کمیونٹیز کو یکجا ہونا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top