انسانیت کی مدد حضور نبی اکرم ﷺ کا محبوب ترین عمل تھا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
نماز پنجگانہ کی عادت پختہ کر کے رمضان المبارک کے ثمرات سمیٹنے کی تیاری کریں
نوجوان پاکیزہ زندگی اختیار کریں: جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (11 مارچ 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد آمد ہے۔ نماز پنجگانہ کی عادت پختہ کر کے رمضان المبارک کے ثمرات سمیٹنے کی تیاری کریں اور سچے دل سے اللہ سے معافی مانگیں۔ نوجوان پاکیزہ زندگی گزارنے کا عہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی مدد حضور نبی اکرم ﷺ کا محبوب ترین عمل تھا۔ مسلمان زکوۃ، خیرات، انفاق فی سبیل اللہ کے ذریعے غربت کو کم کر سکتے ہیں۔ اللہ نے جنہیں مالی آسودگی کی نعمت سے نوازا ہے وہ دنیا کی برکات اور آخرت کے ثمرات سمیٹنے کے لئے بڑھ چڑھ کر مستحقین کی مدد کریں۔ مدد کے اس عمل میں اپنے غریب رشتہ داروں کو فوقیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل 15 شعبان کی مقدس رات بھی آرہی ہے اس رات کو کی گئی عبادت بہت فضیلت والی ہے۔ زندگی کا ہر لمحہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خوشنودی کے حصول میں بسر کیا جائے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر ایمانیات کے باب میں مسلمہ عقائد کے بارے میں نوجوانوں کے دل، دماغ کو پراگندہ کیا جارہا ہے، نوجوان اس فکری دہشت گردی سے بھی خود کو بچائیں۔ اس فکری دہشت گردی سے بچنے کا مجرد نسخہ اللہ والوں اور اہل علم کی صحبت اختیار کرنا ہے۔ نوجوان فکری اعتبار سے خود کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے ساتھ جوڑے رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی تیاری اس سوچ کے ساتھ کریں کہ جو خاندان اور افراد کسی وجہ سے معاشی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں ان کی بڑھ چڑھ کر مددکی جائے۔ مدد کا بہترین اور مستحسن طریقہ یہ ہے کہ انہیں چند ہزار روپوں کا وظیفہ خوار بنانے کی بجائے انہیں ان کے پاؤں پر کھڑا کیا جائے۔ ان کی اہلیت کے مطابق روزگار مہیا کیا جائے تاکہ وہ مدد لینے والے نہیں مدد دینے والوں کی صف میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے راستے میں خرچ کیا جانے والا مال ہی نفع بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن رمضان المبارک میں مستحقین کی مدد کے پروگرام مرتب کرتی ہے۔ ہزاروں لوگ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات سے مستفید ہوتے ہیں۔ مستحق خاندانوں میں راشن بانٹا جاتا ہے۔ غریب خاندانوں کی بچیوں کی شادیاں کروائی جاتی ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہزار ہا طلباء و طالبات کے تعلیمی اخراجات میں بھی مدد کرتی ہے۔ ایسے اداروں کی بڑھ چڑھ کر سپورٹ کرنی چاہیے۔
تبصرہ