میٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل، منہاج یونیورسٹی میں سیمینار 17 مارچ کو ہو گا
سیکرٹری لائیو سٹاک نوید حیدر
شیرازی، وی سی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد خطاب کریں گے
سیمینار کا انعقاد منہاج حلال سرٹیفکیشن کی طرف سے ہو رہا ہے: طیب شہزاد
لاہور (15 مارچ 2022ء) پاکستان میں میٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل اور گروتھ کے مواقع بڑھانے کے لئے منہاج یونیورسٹی لاہور میں منہاج حلال سرٹیفکیشن کے تحت 17مارچ کو ایک اہم فکری سیمینار منعقد ہو رہا ہے۔ سیمینار میں سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب محمد نوید حیدر شیرازی، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر طلعت پاشا، ڈی سی او لاہور محمد عمر شیر چٹھہ، پاکستان میٹ ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی راہنما سید حسن رضا خصوصی شرکت کریں گے۔
حلال سرٹیفکیشن منیجر طیب شہزاد نے پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلال ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر میں تیزی سے فروغ پذیر حلال انڈسٹری میں ہنر مند افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایک ایجوکیشنل پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام حلال ایجوکیشن پروگرام کے تحت شرعی قوانین کے مطابق فوڈ اور نان فوڈ حلال سائنسز کی اعلیٰ تعلیم پر مشتمل کورسز کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار یونیورسٹی کی سطح پر حلال ایجوکیشن کا آغاز کیا گیا ہے اور اس حوالے سے طلباء و طالبات کو آن لائن کلاسز میں شمولیت کی سہولت بھی میسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سیمینار آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہو گا۔
تبصرہ