کالج آف شریعہ میں ہفتہ تقریبات کے آخری روز اردو مباحثہ

مورخہ: 17 مارچ 2022ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آرٹیکل 62 اور 63 کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کیا: اظہر صدیق ایڈووکیٹ
موجودہ انتخابی نظام میں جھوٹ بولنے والے اور سچ بولنے والے کا ووٹ برابر ہے: پیر سید ہارون گیلانی
قومیں اچھے اساتذہ کے ذریعے باوقار بنتیں ہیں: ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور
ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، اداکار ہنی البیلا، عبدالقدوس درانی، ام حبیبہ اسماعیل کی شرکت

COSIS Week Long celebrations

لاہور (17 مارچ 2022ء) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں جاری 4 روزہ ہفتہ تقریبات کے آخری روز ”زوال کا سبب نظام ہے عوام نہیں“ کے موضوع پر اردو مباحثہ اور مقابلہ مضمون نویسی ہوا۔ ملک بھر سے 50 سے زائد یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبا و طالبات نے ان مقابلوں میں شرکت کی۔ تقریب میں معروف قانون دان محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، زیب سجادہ آستانہ عالیہ حضرت میاں میر سرکار پیر سید ہارون گیلانی، سابق نائب صدر لاہور بار ایسوسی ایشن ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، معروف اداکار، ہدایتکار اور کامیڈین ہنی البیلا نے خصوصی شرکت کی۔

پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ طلباء کے درمیان ان مقابلوں کا مقصد نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ اردو مباحثہ میں اول پوزیشن منہاج کالج برائے خواتین کی جویریہ ابراہیم دوسری پوزیشن جامعہ الرشید کراچی کے محمد بن فیصل، تیسری پوزیشن پنجاب کالج لاہور کے زید الرحمن نے حاصل کی۔ مقابلہ مضمون نویسی میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے محمد ابوبکر نے پہلی، منہاج کالج برائے خواتین شگفتہ شیرازی نے دوسری، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی جویریہ قریشی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کیا۔ نظام کی بڑے پیمانے پر تطہیر کی ضرورت ہے۔ موجودہ نظام عوام کی امنگوں کا ترجمان نہیں اس میں اصلاح کی ضرورت ہے۔

پیر سید ہارون گیلانی نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام میں جھوٹ بولنے والے اور سچ بولنے والے کا ووٹ برابر ہے۔ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق جب ووٹر پر ہو گا تو اچھے امیدوار خود بخود سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

COSIS Week Long celebrations

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تعلیم و تربیت استاد سے ملتی ہے، قومیں اچھے اساتذہ کے ذریعے باوقار بنتیں ہیں۔ طلبہ اپنے اساتذہ کا ادب کرنا سیکھیں اور استاد اپنا مقام پہچانیں۔

ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں چوروں کو برا نہیں سمجھا جاتا، کرپشن کو برا نہیں سمجھیں گے تو معاشرہ بہتر نہیں ہوگا۔ میرٹ کا نظام ہو گا تو ملک بہتر ہو گا۔ بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، جواد حامد، شہزاد رسول، پروفیسر نواز ظفر، عبد القدوس درانی، ام حبیبہ اسماعیل، شاہد لطیف، حاجی اسحق، ڈاکٹر محمد امجد عابد، صابر حسین نقشبندی و دیگر نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو شیلڈ، میڈلز و دیگر انعامات دیئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top