نیت خالص ہو تو عادت، عبادت میں بدل جاتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 19 مارچ 2022ء

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شب برات و مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کا روحانی اجتماع

Mahfil e Shab e Barat Minhaj ul Quran Lahore

لاہور (19 مارچ 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام شبِ برات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ شب برات اللہ تعالیٰ سے التجا کرنے اور سوال کرنے کا ادب سیکھنے کی رات ہے، انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ نصف شعبان کی شب اللہ کریم مانگنے والے کی ہر دعا قبول کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین عبادت ہمیشہ کے لیے گناہوں سے تائب ہونا اور پاکیزہ زندگی گزارنے کا عہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصف شعبان کی رات اللہ تعالیٰ معافی مانگنے والے کا ہر گناہ معاف کر دیتا ہے مگر چغل خور اور قاتل کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مبارک راتوں میں صرف اپنے لئے نہیں پوری اُمتِ مسلمہ کے لیے دعا کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نیت خالص ہو تو عادت، عبادت میں بدل جاتی ہے۔ لیکن اگر نیت میں صِدق و اِخلاص نہ رہے تو عبادت، عادت میں بدل جاتی ہے۔

شب برات کے روحانی اجتماع سے علامہ محمد شہزاد مجددی، علامہ عین الحق بغدادی نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت جامع شیخ الاسلام کے امام قاری اللہ بخش نقشبندی نے حاصل کی۔ جبکہ حسان منہاج محمد افضل نوشاہی، حافظ مرغوب احمد ہمدانی، شکیل احمد طاہر، عبداللہ شیخ (کینیڈا)، ہارون قیوم (ناروے)، فیصل عابد، محمد ابوذر اور ڈاکٹر غلام حسین قادری نے گلہائے عقیدت بحضور سرور کونین ﷺ پیش کیے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، نوراللہ صدیقی جواد حامد، میاں زاہد اسلام، صاحبزادہ محمد قاسم، سہیل احمد رضا، غلام مرتضیٰ علوی، سید مشرف حسین شاہ، سدرہ کرامت و دیگر قائدین بھی محفل میں شریک ہوئے۔ پروگرام میں مشائخ عظام، علماء کرام، قراء و نعت خواں حضرات سمیت مرد و خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top