ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ

مورخہ: 22 مارچ 2022ء

مستحقین کی علاج کیلئے مدد کرنابہت بڑی خدمت اور عبادت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
ایک دوسرے کے کام آنا اچھے معاشرے کی تشکیل کا نقطہ آغاز ہوتا ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
رانا نفیس حسین قادری،ڈاکٹر فیاض رانجھا، کیپٹن ریٹائرڈ المجید خاں و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے

میڈیکل کیمپ

لاہور (22 مارچ 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ میڈیکل سائنس اور بیماریوں کی تشخیص میں جہاں حیرت انگیز ایجادات ہوئی ہیں اور علاج کی سہولیات میں ماضی کی نسبت کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے، وہاں امراض کی تشخیص اور علاج بھی انتہائی مہنگا ہوا ہے اور کم آمدنی والے افراد کے لئے علاج کے اخراجات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔ ایسے حالات میں عام آدمی کے لئے نفع و نقصان کی سوچ کے بغیر سستے اور فوری علاج کی سہولیات کے لیے اقدامات کرنا، میڈیکل کیمپ لگانا بہت بڑی انسانی خدمت اور عبادت ہے۔ متوسط علاقوں میں جدید سہولیات سے آراستہ فری ڈسپنسری کا قیام غریب عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور اور النور فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کے وزٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ فری ڈسپنسری کا قیام انسانیت کی خدمت کی عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے کام آنا اچھے معاشرے کی تشکیل کا نقطہ آغاز ہوتا ہے۔ انسانیت کی خدمت تحریک منہاج القرآن کا مشن ہے۔ دین اسلام نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی بنیادی ضروریات میں صحت، تعلیم، لباس، قیام و طعام شامل ہیں مگر بہت سے لوگ ان سہولیات سے محروم ہیں۔ وہ لوگ قابل قدر ہیں جو ضرورت مند افراد کے دکھ درد سمیٹتے اور ان میں آسانیاں بانٹنے کیلئے سرگرم رہتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر فیاض رانجھا، رانا نفیس حسین (صدر تحریک منہاج القرآن لاہور)، کیپٹن ریٹائرڈ المجید خاں (ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور) و دیگر سماجی رہنما و کارکنان موجود تھے۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے میڈیکل کیمپ کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔

صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے زیراہتمام موبائل اسپتال اور لاہور بھر میں قائم فری ڈسپنسریوں سے غریب اور مستحق شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت اور ادویات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کو دکھی انسانیت کی خدمت کے ایسے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top