منہاج القرآن کا اجتماعی اعتکاف منعقد کرنے کا اعلان
تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب
کریں گے
کورونا وباء کی وجہ سے اجتماعی اعتکاف دو سال سے معطل تھا
معتکفین 10 رمضان المبارک سے قبل رجسٹریشن کروا لیں: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (30 مارچ 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سنٹرل ورکنگ کونسل نے امسال اجتماعی اعتکاف کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ویڈیو لنک پر 10 روز خطابات کریں گے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اندرون، بیرون ملک کی تنظیمات کو اجتماعی اعتکاف منعقد کرنے کے حوالے سے تحریری مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ معتکفین کو 10 رمضان المبارک سے قبل رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اعتکاف کے خواہش مند افراد کو ویکسی نیشن کارڈ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجتماعی اعتکاف بغداد ٹاؤن لاہور جامع المنہاج لاہور میں منعقد ہو گا۔
سیکرٹری اعتکاف کمیٹی جواد حامد کی سربراہی میں ہزار ہا معتکفین کے لئے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں مرکزی کمیٹی خرم نواز گنڈاپور اور نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ انتظامات کے لئے انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ الحمدللہ امسال منہاج القرآن کا اجتماعی اعتکاف منعقد ہو رہا ہے۔ اعتکاف تزکیہ نفس، تصفیہ قلب، اصلاح احوال کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کی ایک بہت بڑی اصلاحی، روحانی سرگرمی ہے۔ ہر سال پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت بیرونی دنیا سے افراد معتکف ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کورونا وباء کے حوالے سے صورت حال بہتر ہے تاہم شہر اعتکاف میں ایس او پیز کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ خواتین کے لئے بھی الگ سے اجتماعی اعتکاف گاہ قائم کی جائے گی۔
تبصرہ