منہاج کالج برائے خواتین میں سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد

انٹرنیشنل ویٹ لفٹر نیلم ریاض اور کراٹے چیمئین آمنہ گجر کی تقریب میں خصوصی شرکت

Sports Gala in Minhaj College for Women

لاہور (یکم اپریل 2022) منہاج کالج برائے خواتین میں سپورٹس سوسائٹی بزم منہاج کے زیراہتمام سالانہ سپورٹس گالا کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سپورٹس گالا کی تقریب کی مہمان خصوصی انٹر نیشنل ویٹ لفٹر، کبڈی کی معروف کھلاڑی نیلم ریاض اور نیشنل چمپئین اور strongest women کا ٹائٹل حاصل کرنے والی کراٹے چیمئین آمنہ گجر تھیں۔ وائس پرنسپل حمیرا ناز، انچارج بزم منہاج ام حبیبہ اسماعیل، انچارج سپورٹس سوسائٹی عابدہ حسنین و دیگر نے مہمانان خصوصی کے ہمراہ سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔ سپورٹس گالا میں طالبات کے درمیان کرکٹ، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، 2 سو میٹر ریس، باسکٹ بال، ہینڈ بال سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔

سپورٹس گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیلم ریاض نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی بھی اتنی ہی اہمیت ہوتی ہے جتنی نصابی سرگرمیوں کی ہوتی ہے۔ پڑھائی کے ساتھ کھیلوں میں بھرپور حصہ لینے سے طلبہ کی ذہنی و جسمانی نشوونما پر نہایت مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وائس پرنسپل حمیرا ناز نے کہا کہ کھیل محض تفریح کے مواقع ہی مہیا نہیں کرتے بلکہ کھیلوں کے ذریعے ہم طالبات کو نظم و ضبط کی عملی تربیت بھی دیتے ہیں۔

کراٹے چیمپئین آمنہ گجر نے سپورٹس گالا نے منہاج کالج برائے خواتین کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طالبات کو عملی زندگی میں آگے بڑھنے اور ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لینا چاہیے۔

ام حبیبہ اسماعیل نے مہمان خصوصی سمیت دیگر شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سپورٹس گالا کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں حصہ لینے والی ٹیموں نے خوبصورت مارچ پاسٹ بھی کیا۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ طالبات کی جانب سے جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جسے مہمانان گرامی نے خوب سراہا۔ تقریب کے اختتام پر جیتنے والی ٹیموں اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ مہمانان خصوصی کو تحائف پیش کئے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top