ماہ رمضان، محبت، ہمدردی اور ایثار کا درس دیتا ہے: علامہ رانا محمد ادریس
اہل ثروت مسلمان اپنے غریب بھائیوں کو اپنی مسرت اور شادمانی میں شریک کریں
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (یکم اپریل 2022) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اپنی رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے۔ رمضان المبارک ایک تیس روزہ تربیتی پروگرام ہے اس تربیت سے ہمیں ایمان اور یقین کی دولت نصیب ہوتی ہے۔ نیکی کرنے اور گناہ سے بچنے کی عملی ٹریننگ حاصل ہوتی ہے۔ ماہ رمضان صبر و تحمل کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں اس بات کا مکمل خیال رکھیں کہ ہماری وجہ سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو معاف کریں، غلط رویوں سے بچیں۔ دن بھر کی بھوک پیاس اور عبادت کو ضائع نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ خالق کی جانب سے مخلوق کیلئے عظیم تحفہ ہے۔ عام دنوں کے مقابلے میں رمضان المبارک میں کئے جانیوالے اعمال کا ثواب ایک سے دس گنا اور 7 سو گنا تک ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ کے ذریعے صبر و تحمل کا سبق ملتا ہے۔ بھوک پیاس کی شدت کے احساس کے ساتھ غریب و نادار، محتاج و لاچار کے دکھ درد کو محسوس کرنے کا عظیم درس ملتا ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے اس ماہ مبارکہ کو غم خواری کا مہینہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل ثروت مسلمان اپنے غریب بھائیوں کو اپنی مسرت اور شادمانی میں شریک کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مسلمان اپنے اعمال کا محاسبہ کرتا ہے نیک اعمال کا اختیار کرنے اور برے اعمال کو ترک کرنے کا ارادہ کرتا ہے۔ ماہ رمضان، محبت، ہمدردی اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ رمضان المبارک میں حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کا بھی خیال رکھیں۔
تبصرہ