سیدہ کائنات ؓ کی شخصیت تمام خواتین کیلئے اسوۂ کامل کا درجہ رکھتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی ذات مبارکہ سیرت و بصیرت کا مرقع ہیں: قائد تحریک منہاج القرآن
لاہور (5 اپریل 2022) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیدہ کائنات، خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کے یوم وصال کے موقع پر کہا ہے کہ سیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیھا کی شخصیت تمام خواتین کیلئے اسوہ کامل کا درجہ رکھتی ہے۔ سیدہ کائنات نے بیوی، بیٹی، ماں کی صورت میں قیامت تک کیلئے آنے والی خواتین کیلئے جو نقش راہ و تربیت چھوڑے ہیں وہ عدیم المثال ہیں اور ایک عورت و پورے معاشرے کی بقا کیلئے لازم ہیں۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی حیات مبارکہ کا ہر پہلو خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”فاطمہ میری جان کا ٹکڑا ہے جو انہیں خوش کرتا ہے وہ مجھے خوش کرتا ہے جو انہیں ناراض کرتا ہے وہ مجھے ناراض کرتا ہے“۔ سیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیھا ہر موقع پر حضور اکرم ﷺ کے ساتھ رہیں۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا نے اپنے شوہر حضرت علی علیہ السلام سے مل کر ہر سختی، مشکل اور تنگی کو خوشدلی سے برداشت کیا۔ خاتون جنت نے حضرت امام حسن علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام اور سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی ایسی بے مثال تربیت فرمائی کہ ان نفوس قدسیہ نے پوری انسانیت کو عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنے کے آداب سکھا دئیے۔ حضور اکرم ﷺ نے سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کو جنتی عورتوں کی سردار قرار دیا۔
شیخ الاسلام نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا وہ عظیم ہستی ہیں جن کے پاکیزہ وجود کو مثال بنا کر دین اسلام نے عورت کی عظمت کو بیان کیا ہے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا عورت کو دئیے گئے احترام و مقام کا منبع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ہر عورت سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیھا کے در اقدس سے سیرت و کردار اور عفت و حیا کی خیرات لے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی ذات مبارکہ سیرت و بصیرت کا مرقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی ذات مبارکہ سے رہنمائی حاصل کرنے، نسبت و تعلق قائم کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو پرسکون اور خوبصورت بنا سکیں۔
تبصرہ