رمضان المبارک میں منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

سکالرز لاہور سمیت 50 سے زائد شہروں میں نماز فجر کے بعد مختلف موضوعات پر خطابات کر رہے ہیں
ہزاروں مرد و خواتین دروس عرفان القرآن میں شرکت کر کے رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے فیض یاب ہو رہے ہیں
اسلام کے اصول و ضوابط کی روشنی میں جو رزق حاصل ہو گا وہ حلال شمار ہو گا: علامہ رانا نفیس حسین قادری
4 رمضان المبارک کو نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس سمن آباد لاہور میں درس عرفان القرآن دیں گے

Durood e Irfan ul Quran

لاہور (5 اپریل 2022) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے بابرکت اور مقدس مہینے میں لاہور سمیت پورے ملک میں نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز مختلف موضوعات پر روزانہ نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن دے رہے ہیں۔ ان دروس میں ہزاروں مرد و خواتین شرکت کر کے رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے فیض یاب ہور ہے ہیں۔ منہاج القرآن کے سکالرز ”معاشرتی مادیت پرستی کے فتنے کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے ذریعے ختم کر کے آئندہ نسلوں میں قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق کو مضبوط کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام جاری دروس عرفان القرآن کے سلسلے میں نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے ”زکوۃ اور اس کی اہمیت“ پر خطاب کیا۔ منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری نے رزق حلال اور اس کی اہمیت پر گفتگو کی۔ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے عقیدہ توحید، علامہ فیاض بشیر نے ”معاشرتی رسومات میں افراد و تفریط“ علامہ صابر کمال وٹو نے ”امہات المومنین ؓاور آج کی خواتین“ کے موضوع خطابات کئے۔ ان دروس قرآن میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

علامہ رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ دین اسلام کامل و مکمل نظام حیات ہے۔ دین اسلام میں حصول رزق کے بارے میں بھی انسانیت کیلئے رہنمائی ہے۔ دین اسلام کے دئیے ہوئے اصول و ضوابط کی روشنی میں جو رزق حاصل ہو گا وہ حلال شمار ہو گا۔ دین اسلام نے رزق حلال کمانے کی ترغیب دی ہے اور حرام رزق سے بچنے کی تاکید و تربیت بھی کی ہے۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ اللہ کریم خود طیب ہے اور ایسی چیزوں کو پسند فرماتا ہے جو طیب ہوں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک اور حدیث مبارکہ میں حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ ”اللہ تعالیٰ کے فرائض کے بعد اہم فریضہ کسب حلال ہے“۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم عروج اور کامیابیاں چاہتے ہیں تو ہمیں اسلاف سے رشتہ مضبوط کرنا ہوگا۔ نوجوان نسل کو اسلاف کی زندگیوں سے ان کے کارہائے نمایاں سے روشناس کرانا ہو گا تاکہ ان میں اپنے اسلاف کے نقش پا پر چلنے کا جذبہ پیدا ہو سکے۔ 4 رمضان المبارک 6 اپریل کو نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس سمن آباد، علامہ صابر کمال وٹو نشتر ٹاؤن اور علامہ غلام مرتضیٰ علوی ٹاؤن شپ، علامہ فیاض بشیر قادری مریدکے اور علامہ رانا نفیس حسین قادری فیروز والا میں درس عرفان القرآن دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top