حکیم الامت نے اسلامیان برصغیر کو فکری تحرک عطا کیا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

باوقار شناخت کے لئے امت سائنس، طب، ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں ملکہ حاصل کرے

Allama Muhammad Iqbal

لاہور (21 اپریل 2022) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکیم الامت حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے 84ویں یوم وصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکیم الامت نے امت مسلمہ کو آزاد وطن کا تصور دیا اور فکری اعتبار سے منتشر امہ کو اتحاد و یگانگت کا پیغام دیا۔ برصغیر کے مسلمانوں کی خوشی قسمتی ہے کہ انہیں حکیم الامت کی صورت میں ایک فکری قائد ملا اور اس فکری قائد کے افکار پر اس کی روح کے مطابق عمل نہ کرنا بدقسمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم الامت ایک راسخ العقیدہ بندہ خدا اور سچے عاشق رسول تھے، اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا کلام قرآنی فکر کا منظوم بیان ہے۔ علامہ اقبال ؒ کے افکار نے جمود کا شکار اسلامیان برصغیر کو فکری تحرک عطا کیا۔ انھوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒنے امت کی تشکیل میں جغرافیہ اور مادیت پرستی کو زہر قاتل قرار دیا وہ امت مسلمہ کو ایک نظریاتی قوم کے طور پر پھلتا پھولتا دیکھنے کے آرزو مند تھے۔ اقبالؒ کی یہی فکر اتحاد امت کی ضامن ہے، علامہ اقبال کا یہ راسخ نظریہ اور عقیدہ تھا کہ امت مسلمہ کی بقا کا راز صرف اور صرف قرآن اور صاحب قرآن کے ساتھ تعلق قائم رکھنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ باوقار شناخت کے لئے امت سائنس، طب، ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top