اللہ صدق دل سے معافی مانگنے والوں کو معاف کرتا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

توبہ کی سعادت بھی توفیق سے ملتی ہے، جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین کو خوش آمدید کہا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری معتکفین سے طہارۃ القلوب کے موضوع پر خطابات کریں گے

Dr Hassan Qadri addresses Jummah gathering

لاہور (22 اپریل 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ مغفرت کا آغاز ہو گیا، توبہ کی سعادت بھی توفیق سے ملتی ہے، اللہ صدق دل سے معافی مانگنے والوں کو معاف کرتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے بقیہ ایام گنتی کے ہیں۔ ان ایام کے ہر لمحے کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو راضی کرنے کے لئے بروئے کار لایا جائے۔ یہ دنیا بہت ناپائیدار، اگلے لمحے کا کچھ علم نہیں ہے۔ اس لئے زندگی کو اُسی طرح گزاریں جس طرح اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغفرت کے عشرہ میں اللہ سے معافی طلب کریں، گناہوں سے تائب ہوں اور خود کو دوزخ کی آگ سے بچائیں۔

چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام انعقاد پذیر شہر اعتکاف کا حصہ بننے والے ہزاروں خوش نصیب معتکفین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی کے لئے خود کو دس روز کے لئے وقف کر دینا ایک بڑی سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ تعالیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری”طہارۃ القلوب“ باطنی امراض اور ان کا علاج کے موضوع خطابات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا شہر اعتکاف اصلاح احوال، تزکیہ نفس، تصفیہ قلب اور روحانی تربیت کی ایک عظیم درسگاہ کی شکل اختیار کر لیتا ہے اس شہر اعتکاف کا حصہ بننے والے سالہا سال ان دس یوم کی تعلیمی و تربیتی نشستوں کے روحانی فیوض و برکات کے زیر اثر رہتے ہیں۔ مسنون اعتکاف خود احتسابی کے ساتھ ساتھ ایک بڑی سعادت اور عظیم عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ چاروں صوبوں سے معتکفین منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شہر اعتکاف کا حصہ بنے ہیں۔

انہوں نے شہر اعتکاف کے منتظمین، منہاج القرآن علماء کونسل اور نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز کو ہدایت کی کہ معتکفین کی تعلیم و تربیت، عبادت و ریاضت اور خدمت و اکرام میں کوئی کمی کوتاہی نہیں رہنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ آج کے اس پرفتن دور میں اُمہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی صورت میں ایک ایسا پلیٹ فارم دستیاب ہے جو نوجوانوں کے اخلاق اور کردار سازی کے ساتھ ساتھ دلوں کو عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمعوں سے روشن کر رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top