عقل والے گزر گاہ پر مستقل ٹھکانے تعمیر نہیں کرتے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے نصیحت فرمائی آپ دنیا نہیں آخرت کے لیے پیدا کئے گئے ہیں
قائد تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف میں ہزار ہا معتکفین سے فکر انگیز خطاب

Minhaj ul Quran Itikaf City 2022

لاہور (23 اپریل 2022ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت کی مناسبت سے شہر اعتکاف میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے حضرت امام حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو نصیحت فرمائی کہ بیٹا! آپ دنیا کے لئے نہیں آخرت کے لیے پیدا کئے گئے ہیں، اللہ کے احکامات پر پختگی کے ساتھ قائم رہنا اور موت کی حقیقت کو کبھی نظر انداز نہ کرنا۔ شیخ الاسلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی یہ نصیحت قیامت تک کے لئے آنے والے ہر بیٹے اور ہر بیٹی کے لئے زاد راہ ہے۔ اس نصیحت کا ایک ایک حرف سنہری حرو ف کے ساتھ لکھ کر ہمہ وقت ساتھ رکھنے کی ضرورت ہے۔ جس نے شہر علم کی اس نصیحت کو صدق دل کے ساتھ پڑھ اور سمجھ لیا وہ کبھی گمراہ نہیں ہو سکتا اور نہ ہی دنیا کی یہ جھوٹی چمک دمک اُسے اپنی طرف مائل کر سکے گی۔ شیخ الاسلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیر خدا نے اپنی اس نصیحت میں زندگی اور دنیا کی حقیقت اور آخرت کی قطعیت اور ناگزیریت کو پوری طرح کھول کر بیان کر دیا ہے۔

شیخ الاسلام نے ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے اپنے صاحبزادے حضرت حسن مجتبیٰؓ کو نصیحت فرماتے ہوئے مزید کہا کہ بیٹا! یہ بات ہمیشہ پیش نظر رکھنا کہ یہ دنیا اور یہ زندگی عارضی اور فانی ہے، اپنے دل کو حوادث زمانہ کا مشاہدہ کرواتے رہنا اور تدبر سے کام لیتے رہنا، بڑے بڑے طاقت ور لوگ اس دنیا میں آئے اور پھر چلے گئے۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ یہ دنیا ایک گزر گاہ ہے۔ عقل والے کبھی گزر گاہ پر ٹھکانے تعمیر نہیں کرتے، حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے فرمایا اللہ اور بندے کے درمیان جو رشتہ ہے اس سے زیادہ کوئی پائیدار، مستحکم اور فائدہ مند رشتہ نہیں ہوسکتا۔

منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں پنجاب سمیت چاروں صوبوں سے ہزار ہا فرزندان توحید معتکف ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بیرون ملک اور اندرون ملک سے آئے ہوئے معتکفین کو شہر اعتکاف میں خوش آمدید کہا۔ مفتی عبدالقیوم ہزاروی نے فقہ کے موضوع پر گفتگو کی اور معتکفین کے سوالات کے جوابات دئیے۔

Minhaj ul Quran Itikaf City 2022

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top