منہاج القرآن کے راہنماؤں کی صدر آل پاکستان سمال انڈسٹریز بابر بٹ سے ملاقات

مورخہ: 15 مئی 2022ء

مینوفیکچرنگ اور تجارت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا:بابر بٹ
ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں:صدر آل پاکستان سمال انڈسٹریز
ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے شعبے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے: حاجی محمد اسحاق
وفد میں شہزاد رسول چوہدری، عبدالحفیظ چوہدری شامل تھے، عمر بٹ بھی ملاقات میں موجود تھے

لاہور (15 مئی 2022) تحریک منہاج القرآن کے سینئر مرکزی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے معروف صنعت کار و تاجر رہنما، صدر آل پاکستان سمال انڈسٹریز بابر بٹ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد کی قیاد ت سینئر تاجر رہنماو سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہا ج القرآن انٹرنیشنل حاجی میاں محمد اسحاق نے کی۔ وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل شہزاد رسول چوہدری، عبدالحفیظ چوہدری شامل تھے۔ اس موقع پر عمر بابر بٹ بھی موجود تھے۔

راہنماؤں نے صنعت کا رو تاجر برادری کو درپیش مسائل سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ حاجی محمد اسحاق نے بابر بٹ کو تحریک منہاج القرآن کے فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات کی تفصیلات بتائیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بابر بٹ نے کہا کہ صنعت کاروں وتاجروں کو درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینا ہوگی تاکہ تاجر برادری اور چھوٹے صنعت کار پرسکون و باوقار ماحول میں اپنے کاروباری امور کو آگے بڑھاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معشیت کو مشکلات اور بھنور سے نکالنے کے لئے تاجر و صنعت کار برادری نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیاہے۔ تاجر و صنعت کار ملکی معیشت کے استحکام کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بابر بٹ نے کہا کہ اس وقت ملک کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی میں ترقی عصر حاضر کی اشد ضرورت ہے۔ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرنے کے لئے تاجروں اور صنعت کاروں سے تعاون اور عملی مدد کے لئے آسان لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں اور تاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ مینوفیکچرنگ اور تجارت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔ پاکستانی صنعتوں اور کمپنیوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔ اس سے پیداواری صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ ہوگا۔

بابر بٹ نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی، تعلیمی و فلاحی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ منہا ج القرآن کے تعلیمی ادارے جدید اور قدیم تعلیم کا حسین امتزاج ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو دکھی انسانیت کی خدمت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیام امن، بین المذاہب اور بین المسالک رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خدمات کے معترف ہیں۔

حاجی محمد اسحاق اور شہزاد رسول چوہدری نے بابر بٹ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف کا تحفہ دیا۔ حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے شعبے میں بھی ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں موجود قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور پیداواری صلاحیتیں بڑھانے کے لئے جامع اور عملی پالیسیاں مرتب کرنا ہونگی۔ ہماری جدوجہد عوام کے حقوق اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top