منہاج القرآن کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 29 مئی کو ہو گی
ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن
سید امجد علی شاہ سمیت اہم شخصیات تقریب میں شرکت کریں گی
MWF شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا انعقاد کرکے اپنا دینی، اخلاقی و ملی فریضہ پورا
کر رہی ہے: امجد علی شاہ
دین اسلام غریبوں، محتاجوں اور کمزروں کی مدد کرنے کی تعلیم دیتاہے: انار خان گوندل
لاہور (15 مئی 2022) تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) راولپنڈی کے زیراہتمام غریب و مستحق بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب 29 مئی 2022 (اتوار) کوکنگز میرج ہال عسکری الیون (قاسم مارکیٹ) پشاور روڈ راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب کی تیاریاں و انتظامات شروع کردئیے گئے ہیں، انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے اسکالرز نوبیاہتاجوڑوں کا نکاح پڑھائیں گے۔
ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، صدر تحریک منہاج القرآن راولپنڈی انار خان گوندل، ناظم تحریک منہاج القرآن راولپنڈی مرز ا آصف، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی مظہر الحق سمیت تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شادیوں کی اجتماعی تقریب میں شرکت کریں گی۔
ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے راولپنڈی میں ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقریب کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مشن دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔ منہاج القرآن اسلام کے فلسفہ اخوت و مواخات کی عظیم انسانی و روحانی تعلیمات او ر روایات پر کاربند ہے۔ ضرورت مند کی مدد کرنا افضل ترین عمل اور عبادت ہے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پچھلی دو دہائیوں سے لاہور، واہ کینٹ، فیصل آباد، خانیوال، دولتانہ، بدوملہی، خانقاہ ڈوگراں سمیت دیگر شہروں میں اب تک تین ہزار سے زائد غریب و مستحق بیٹیاں اپنا گھر بسا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا انعقاد کرکے اپنا دینی، اخلاقی اور روحانی و ملی فریضہ پورا کر رہی ہے۔
دریں اثناء شادیوں کی اجتماعی تقریب کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر منہاج القرآن راولپنڈی انار خان گوندل، ناظم مرزا آصف، ناظم منہاج ویلفیئر مظہر الحق، نائب صدر منہاج القرآن راولپنڈی محمد سلیم دیوانہ، نائب صدر فرقان یوسف، میڈیا سیکرٹری سہیل عباسی، ڈسٹرکٹ ناظم سوشل میڈیا عثمان ارشد، صدر پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی اظہر محمود اعوان، جنرل سیکرٹری محمد نسیم، صدر یوتھ لیگ راولپنڈی راجہ محمد عامر، جنرل سیکرٹری کامران متین، صدر ایم ایس ایم احمد اعوان، صدر ویمن لیگ رابعہ مظہر، صدر علماء کونسل علامہ پروفیسر ارشد مصطفوی، علامہ ثاقب نعمان، آسیہ کریم، راجہ ابراہیم، سردار محمد نسیم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
انار خان گوندل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دولہن کو دو لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان تحفے میں دیا جائے گا۔ دولہا و دولہن کی طرف سے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لئے کھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ باراتوں کا استقبال تحریک منہاج القرآن کے رہنما ء پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے کریں گے۔ دولہا و ودلہنوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے خصوصی تحائف بھی دئیے جائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ دین اسلام غریبوں، محتاجوں اور کمزروں کے دکھ درد میں شریک ہونے اور ان کی مدد کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارخیر میں حصہ لینے والے سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں۔ غریب بچوں اور بچیوں کے سروں پر دست شفقت رکھے ہوئے ہیں۔
تبصرہ