تحریک منہاج القرآن کا سالانہ ورکرز کنونشن

رپورٹ : ایم ایس پاکستانی

تحریک منہاج القرآن کا سالانہ ورکرز کنونشن مورخہ 8 اپریل 2007ء بروز اتوار مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ یہ تقریب منہاج القرآن پارک میں منعقد ہوئی جہاں خوبصورت پنڈال بنایا گیا تھا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرصدارت اس تقریب میں ملک بھر سے تحریک منہاج القرآن کے ورکرز اور عہدیداران موجود تھے۔ معزز مہمانوں میں تحریک منہاج القرآن سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، ممبر سپریم کونسل نمائندہ یوتھ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری، مرکز ی امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سید علی غضنفر کراروی، آغا مرتضیٰ پویا، جی ایم ملک، عاقل ملک، شاہد لطیف قادری، علامہ الحاج امداد اللہ خان، علامہ احمد نواز انجم اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین بھی یہاں موجود تھے۔ اس تقریب کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محمد سرور صدیق، شکیل احمد طاہر اور منہاج نعت کونسل نے نعت خوانی کی۔ شکیل احمد طاہر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے لیے خصوصی نظم بھی پڑھی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر پنڈال میں تشریف لائے۔ صاحبزادہ حسن محی الدین اور صاحبزادہ حسین محی الدین قادری بھی آپ کے ساتھ تھے۔ آپ کی آمد کے بعد حاضرین نے کھڑے ہوکر بلند آواز میں نعروں سے آپ کا شاندار استقبال کیا۔ پانچ منٹ تک پنڈال جیوے جیوے۔ طاہر جیوے، جرات و بہادری طاہرالقادری کے نعروں سے گونجتا رہا۔ اس دوران شیخ الاسلام نے ہاتھ ہلا کر حاضرین کے نعروں کا جواب دیا۔ اس تقریب کی کمپئرنگ کے فرائض احمد نواز انجم، توقیر الحسن شاہ گیلانی، میاں عبدالرسول سندھو اور وقاص قادری نے مشترکہ طور پر سر انجام دیئے۔

شیخ زاہد فیاض نے عالمی میلاد کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ایک جائزہ رپورٹ پیش کی۔ اس رپورٹ میں انہوں نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کی تنظیم نے 152 بسوں کے قافلے کے ساتھ شریک ہوئی اور پہلے نمبر پر رہی۔ اس کے ساتھ گوجرانوالہ کی تنظیم دوسرے، روالپنڈی کی تنظیم تیسرے، جہلم چوتھے اور تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کی تنظیم پانچوین نمبر پر رہی۔ افرادی قوت کے اعتبار سے تحریک منہاج القرآن تحصیل لالیاں کی تحصیل نے 662 فیصد زائد اپنا ٹارگٹ پورا کر کے پہلے نمبر پر رہی۔ اس طرح تحصیل جہلم دوسرے، اسلام آباد تیسرے اور تحصیل مرید کے چوتھے نمبر پر رہی۔ لاہور کی تنطیم نے بھی میلاد کانفرنس میں 276 بسوں کے قافلے کے ساتھ شرکت کی۔ اس کے علاوہ لاہور سے ہزاروں لوگ اپنی ذاتی گاڑیوں میں بھی آئے۔ شیخ زاہد فیاض نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس سے قبل تحریک منہاج القرآن کی ممبر سازی مہم میں خوشاب سے غلام رسول نے صرف 5دنوں میں 182 لائف ممبرز بنائے جبکہ سرگودھا سے حاجی اسماعیل سندھو اور سید گلزار احمد شاہ نے بھی نمایاں کام کیا۔

عالمی میلاد کانفرنس میں خواتین کی تعداد بھی مردوں کے برابر تھی۔ اس کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ نے انتہائی محنت سے کام کیا۔ منہاج ویمن لیگ فیصل آباد کی تنظیم عالمی میلاد کانفرنس میں افرادی قوت میں اول رہی۔ منہاج ویمن لیگ گوجرانوالہ کی تنظیم دوسرے، جہلم تیسرے، سیالکوٹ چوتھے اور اوکاڑہ پانچویں نمبر پر رہی۔ شیخ زاہد فیاض نے مزید بتایا کہ حلقہ عرفان القرآن کے انعقاد میں بھی منہاج ویمن لیگ نے ملک بھر میں اہم کام کیا۔ منہاج ویمن لیگ پشاور اور سیالکوٹ کی تنطیم اس میں سرفہرست رہی جبکہ گوجرانولہ کی تنظیم نے مرکز کا ہر ٹارگٹ پورا کیا۔ ویمن لیگ کی لائف ممبرز بنانے میں سید ہدایت رسول قادری کی اہلیہ محترمہ کلثوم ہدایت رسول نے پہلا نمبر حاصل کیا، انہوں نے صرف ایک ماہ میں 86 لائف ممبرز بنائے۔ لاہور سے محترمہ فریدہ سجاد نے صرف ایک ماہ میں انفرادی طور پر 64 لائف ممبرز بنائے۔ تحریک منہاج القرآن کی نظامت پبلی کیشنز کے ڈائریکٹر حاجی منظور حسین مشہدی قادری کی بہو محترمہ صبا فاطمہ مشہدی نے بھی 64 لائف ممبرز بنائے جبکہ خود حاجی منظور حسین قادری نے 36 لائف ممبرز بنا کر دونوں نے ملکر سینچری کا ریکارڈ قائم کیا۔

اس کے علاوہ عالمی میلاد کانفرنس میں تحریک کے دیگر مختلف فورمز نے بھی خصوصی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی اس کارکردگی پر مختلف نظامتوں کے سربراہان اور اعلیٰ کارکردگی پیش کرنے والے احباب کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر ان احباب کے لئے حاضرین نے نعرے بھی لگائے۔ تحریک منہاج القرآن سندھ، سرحد اور بلوچستان کے امراء تحریک اور نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کو شیخ الاسلام نے سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

اس کے علاوہ شیخ الاسلام نے مرکزی نظامتوں کے مختلف قائدین اور سٹاف کو عالمی میلاد کانفرنس میں اعلیٰ کاردکردگی پر الگ الگ اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ تحریک منہاج القرآن کر مرکزی نظامت دعوت کے ناظمین اور نائب ناظمین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے ملک گیر میلاد دورہ جات اور بیرون ممالک کی میلاد کانفرنسز میں شاندار کامیابی پر سندھی ٹوپیاں پہنائیں۔ ان میں مرکزی ناظم دعوت علامہ محمد ادریس رانا کو انڈیا کے شہر حیدرآباد دکن کا کامیاب دورہ کرنے پر سندھی ٹوپی ان کے سر پر پہنائی۔ علامہ محمد ادریس رانا نے 12 ربیع الاول کو حیدرآباد میں میلاد کانفرنس میں خصوصی خطاب کیا اس میلاد کانفرنس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ علامہ ارشاد حسین سعیدی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور علامہ شکیل احمدثانی نے شیخ الاسلام سے سندھی ٹوپی کا تحفہ وصول کیا۔ علامہ ارشاد حسین سعیدی گزشتہ دنوں دورہ بنگلہ دیش سے وطن واپس آئے ہیں۔ ان کے اس دورہ میں ڈھاکہ میں میلاد کانفرنس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ علامہ شکیل احمد ثانی نے لاڑکانہ سندھ میں میلاد کانفرنس میں خطاب کیا یہاں ایک لاکھ افراد نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام نے بتایا کہ نظامت دعوت نے ملک بھر میں حلقہ دروس قرآن منعقد کر کے ایک انقلاب بپا کر دیا ہے۔ اس وقت اندرون ملک 215 مقامات پر حلقہ دروس قرآن جاری ہیں۔

اس کے علاوہ شیخ الاسلام نے منہاج علماء کونسل کی کارکردگی کو بھی بہت پسند کیا اس موقع پر آپ نے مرکزی صدر منہاج علماء کونسل پنجاب علامہ امداد اللہ خان اور ناظم علامہ میر آصف اکبر کو سندھی اجرک بھی پہنائی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی عالمی میلاد کانفرنس میں اعلیٰ خدمات پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ناظمہ ویمن لیگ محترمہ فرح ناز اور ان کی پوری ٹیم کو اجتماعی طور پر سکارف ان کے سر پر رکھا۔ اس کے بعد شیخ الاسلام نے ملک بھر سے عالمی میلاد کانفرنس میں نمایاں خدمات پر ویمن لیگ کی ورکرز کو الگ الگ سکارف کے تحائف بھی دیئے۔ بعدازاں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حسین محی الدین قادری اور امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی نے یہ سکارف خواتین میں تقسیم کیے۔

اس تقریب کے بعد شیخ زاہد فیاض نے مرکز کی تمام نظامتوں کو خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس میں کامیابی پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو خراج تحسین پیش کیا۔ شیخ الاسلام نے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو اپنے ہاتھ سے اتار کر انگوٹی کا تحفہ دیا اور انگوٹھی خود ان کے ہاتھ میں پہنائی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام نے شیخ زاہد فیاض کو بھی ان کی شاندار تحریکی اور تنظیمی خدمات پر اپنے ہاتھ سے ان کو سندھی اجرک پہنائی۔ علامہ علی غضنفر کراروی، علامہ احمد نواز انجم ڈاکٹر علی اکبر الازہری نے شیخ الاسلام سے اجرک کی چادریں وصول کیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بتایا کہ گزشتہ دنوں فقہ جعفریہ کے حاجی ناصر حسین نے مغل پورہ لاہور میں ایک کنال 13 مرلہ اور سوا 2 کروڑ روپے کی اپنی ذاتی ملکیت مسجد الحسین کو ہمیشہ کے لیے ادرہ منہاج القرآن کے نام وقف کر دیا ہے۔ اس موقع پر حاجی ناصر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تحریک منہاج القرآن کی عالمی امن کے قیام، شیخ الاسلام کی اسلام کے لئے عالمی خدمات اور بالخصوص محمدّ اور آل محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ان کی محبت کی وجہ سے اپنے مسلک کی مسجد کو ہمیشہ کے لئے ادرہ منہاج القرآن کے نام وقف کر دیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے نام ملکیتی حقوق کی رجسٹری پر لکھی عبارت بھی حاضرین کو پڑھ کر سنائی جس میں واضح طور پر یہ لکھا تھا کہ میں نے یہ مسجد خالصتاً عقیدہ اہلسنت اور امام ابوحنیفہ کے عقائد کے فروغ کے لئے منہاج القرآن کو ہمیشہ کے لیے وقف کر دی ہے۔ اس کے بعد حاجی ناصر حسین نے شیخ الاسلام کو اس مسجد کی رجسٹری بھی پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک اور مسجد بھی تعمیر کر رہا ہوں اور آئندہ سال عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر اس کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد ادارہ منہاج القرآن کو پیش کر دوں گا۔ شیخ الاسلام نے ان کو اس ایثار اور مالی قربانی پر منہاج ویلفئیر فاونڈیشن کی مرکزی ایگزیکٹیو کا ممبر، عوام میں فقہ جعفریہ اور تحریک منہاج القرآن کا خیر سگالی سفیر بھی مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ حاجی ناصر حسین نے شیخ الاسلام سے تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ کی سند بھی حاصل کی۔

عالمی میلاد کانفرنس میں اعلیٰ خدمات اور مجموعی طور پر تحریک میں دیرینہ خدمات پر شیخ الاسلام نے مرکزی قائدین کو مختلف اعزازات سے بھی نوازا۔ ان میں علامہ احمد نواز انجم کو درویش تحریک، جی ایم ملک، انوار اختر ایڈوکیٹ، علامہ شاہد لطیف قادری، اور خالد درانی کو نشان استقامت کا اعزاز دیا۔ کالج آف شریعہ کے طالب علم وقاص قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو پُرجوش انداز میں خطاب کی دعوت دی۔ اس موقع پر حاضرین نے نعروں سے شیخ الاسلام کا استقبال کیا۔ شیخ الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے۔ تحریک منہاج القرآن اس صدی کی تحریک امن ہے اور پوری دنیا میں قیام امن اسکا مشن ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی جنگ دہشت گر دی، انتہا پسندی اور تنگ نظر ی کے خلاف ہے۔ تحریک منہاج القرآن عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کی بحالی پر محنت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں تنگی اور تنگ نظری کا دین نہیں دیا اس کے بجائے مسلمانوں کو خوشخبری سنانے، لوگوں کو آسانیاں دینے کا حکم دیا جبکہ نفرتوں اور تنگ نظریوں کو مٹانے کی تلقین فرمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے کارکن شرق تا غرب امن کے سفیر بن کر دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ علم و عمل کا پیکر بن جائیں کیونکہ علم اور عمل سے بڑا اسلحہ کوئی نہیں اس لئے منہاج القرآن کے کارکن اپنے مثبت کردار سے محبت اور امن پھیلائیں۔ کارکن فکری نظریاتی، اخلاقی و روحانی اور دعوتی و تنظیمی تربیت پر توجہ دیں۔ اس مو قع پر شیخ الاسلام نے کارکنوں کو ٹارگٹ دیا کہ وہ ملک کے 12 بڑے شہروں کو امن کے مراکز بنائیں۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا اس کے بعد شرکاء کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top