حضور نبی اکرم ﷺ پیغمبر امن، سلامتی اور رحمۃ للعالمین ہیں: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 10 جون 2022ء

حضور نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے عالمی مجرم ہیں: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
مسلمان حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مقدس کے ساتھ والہانہ عشق کرتے ہیں: جامع شیخ الاسلام میں خطاب

Rana Muhammad Idrees addressing Jummah gathering

لاہور (10 جون 2022ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ نبی آخر الزمان ﷺ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔ سارا عالم اسلام اس فعل پر سراپا احتجاج ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ساری کائنات کو امن، سلامتی، محبت، رواداری اور انسانیت کے قوانین عطا کئے ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ پیغمبر امن، سلامتی اور رحمۃ للعالمین ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ محسن انسانیت ہیں، ان کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال ناقابل برداشت جرم ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے عالمی مجرم ہیں۔ ایسے شر پسند عناصر عالمی امن کیلئے بدترین خطرہ ہیں۔ ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے انسانیت، امن کے دشمن ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کا قبیح عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بھارت اقلیتوں اور ان کے مذہبی جذبات کا احترام کرے، مذہبی انتہا پسندی کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم تمام پیغمبران خدا، الہامی کتب و مذہبی شخصیات کا احترام کرتے ہیں۔ یہ احترام ہمیں ہمارا دین سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مقدس کے ساتھ والہانہ عشق کرتے ہیں۔ بھارتی سیاستدان کے نازیبا کلمات سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ اس پر فوری طور پر معافی مانگی جائے اور آئندہ ایسے مذموم ترین رویے کے اظہار کا ہمیشہ کیلئے راستہ بند کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top