عوام کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے: ڈاکٹر رفیق نجم

مورخہ: 14 جون 2022ء

مہنگائی سے عام آدمی کے لئے جسم اور جان کا رشتہ برقرار رکھنا ناممکن ہو چکا ہے
قرآنی فلسفہ معیشت معاشی مساوات کا قیام ہے: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
قرآنی فلسفہ انقلاب کے عنوان سے منعقدہ فکری مذاکرہ میں خطاب

minhaj ul quran

لاہور (14 جون 2022ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رفیق نجم نے کہا ہے کہ ٹیکس اور زکوٰۃ جمع کرنے والی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے۔ روٹی، کپڑا، مکان کی فراہمی آئینی اور اسلامی ذمہ داری ہے۔ ٹیکس، زکوۃ اور صدقات غریبوں اور محتاجوں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہیں۔ معاشی مساوات اسلامی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت خوفناک مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کے لئے جسم اور جان کا رشتہ برقرار رکھنا ناممکن ہو چکا ہے۔ عوام کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوسائٹی کے مخیر حضرات مواخات مدینہ کے تحت مفلسوں اور مستحقین کی مدد کر کے اپنا اسلامی اور انسانی فریضہ ادا کریں۔ پاکستان کے عوام مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قرآنی فلسفہ انقلاب کے عنوان سے منعقدہ فکری مذاکرہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کے ضلعی صدر انار خان گوندل، ضلعی ناظم حاجی لیاقت علی، سیف اللہ چوہدری، علامہ عبد الرشید امجد سمیت پی پی صدور، ناظمین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ڈاکٹر رفیق نجم نے کہا کہ قرآنی فلسفہ معیشت معاشی مساوات کا قیام ہے۔ عوام کے حقوق پورے کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ عوام کو درپیش بنیادی مسائل تعلیم، صحت کے شعبوں میں سہولتوں کا فقدان، پینے کیلئے صاف پانی کی کمی، سانس لینے کیلئے صاف اور آلودگی سے پاک ہوا کی عدم دستیابی، بچوں اور جوانوں کیلئے صحت مندانہ ماحول پیدا کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے مواقع مہیا کرنے پر کبھی توجہ نہ دی گئی، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ریاست عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کو ترجیح دے تو عوام کو تعلیم، صحت، صاف پانی اور صاف ہوا جیسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولتیں دینا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے عوام کا خوشحال ہونا اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور گرانی کی وجہ سے عام آدمی کا استحصال ہوتا ہے تو اس استحصال سے عام شہری کو محفوظ رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزوروں کی حفاظت کرے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کیلئے تمام طاقت اور وسائل برؤے کار لائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top