اسلام انسانی حقوق کا محافظ دین ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
اسلام میں تضحیک اور تمسخر اڑانے کی ممانعت ہے، اپنے اخلاق سنواریں
چیئرمین سپریم کونسل کا ”دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار“ کے موضوع پر تقریب سے خطاب
لاہور (24 جون 2022ء) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلام انسانی حقوق کا محافظ دین ہے، اسلام میں تضحیک اور تمسخر اڑانے کی ممانعت ہے، اپنے اخلاق سنواریں۔ انسان کا فلسفہ انسانی حقوق دیگر مذاہب سے ممتاز ہے۔ محسن انسانیت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانی زندگی کے ہر ہر پہلو کے حوالے سے ایسی عملی اور سنہری تعلیمات عطا کی ہیں جو انسانی زندگی میں سکون اور توازن پیدا کرنے کی ضمانت دیتی ہیں۔ اسلامی معاشرے میں ہر فرد بلاتفریق رنگ و نسل، عزت و احترام اور آزادی کا مستحق ہے۔ دین اسلام نے ہر طرح کی جنسی، نسلی اور طبقاتی امتیازات کی نفی کی ہے۔ دین اسلام نے شرف فضیلت کی وجہ تقویٰ اور پرہیزگاری کو قرار دیا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ”دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمدخان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، جواد حامد و دیگر راہنما موجود تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دین اسلام نے صرف دنیاوی معاملات میں ہی مساوات پر مبنی حقوق عطا نہیں کئے ہیں بلکہ نیک اعمال کی بجا آواری پر آخرت کا اجر و ثواب بھی اسی اصول کو قرار دیا ہے۔ اسلام زندگی میں اعتدال کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام نے حقوق انسانی کا ایک ایسا جامع تصور عطا کیا ہے جس میں حقوق و فرائض میں باہمی توازن پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطبہ حجۃ الوداع میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کی تکریم، احترام اور حقوق و فرائض پر مبنی ابدی تعلیمات و اصول عطا فرما دئیے ہیں۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ انسانیت نوازی اور تکریم انسانیت کی تعلیمات سے عبارت ہے۔ حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عطاء کردہ نظام حیات ہی نظام عدل و انصاف کا حامل ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کاعطا کردہ نظام حقوق و فرائض انسانی حقوق کا ایک بے مثال چارٹر ہے اور اسی چارٹر کو انسانی حقوق کی پہلی دستاویز و منشور ہونے کا شرف بھی حاصل ہے۔
تبصرہ