ذی الحجہ فریضہ حج کے باعث بڑی فضیلت والا ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 30 جون 2022ء

حج اتحاد و یگانگت اور ملی یکجہتی کا آئینہ دار رکن اسلام ہے: قائد تحریک منہاج القرآن

Dr Tahir ul Qadri

لاہور (30 جون 2022) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ذی الحجہ کے ماہ مقدس کے آغاز پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہینہ اسلام کے بنیادی رکن حج کی ادائیگی کی وجہ سے بڑی فضیلت اور رحمتوں والا ہے۔ حج اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ایسا رکن ہے جو بے پناہ فیوض و برکات کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ اجتماعیت، اتحاد ویگانگت اور ملی وحدت کا آئینہ دار ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا جو رضائے الٰہی کیلئے حج کرے اور اس میں نہ تو کوئی مخرب اخلاق بات ہو اور نہ کسی گناہ کا ارتکاب تو وہ ایسے لوٹے گا جیسے اس کی ماں نے اسے ابھی جنا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر اس شخص پر زندگی میں ایک بار حج فرض ہے جو صاحب استطاعت ہے۔

شیخ الاسلام نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں خوش قسمت فرزندان توحید فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس میں موجود ہیں، اس سعادت کے حامل ہر شخص کیلئے اللہ نے گناہوں کی معافی اور بخشش کا وعدہ فرمایا ہے، لہذا اللہ کے گھر میں موجود ہر خوش قسمت اتحاد امت اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے اللہ کے حضور عجز و انکساری کے ساتھ دعا کرے۔ اللہ حج کی نیت سے اپنے گھر آنے والوں کی دعاؤں کو خالی نہیں لوٹاتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top