خرم نواز گنڈاپور کا رہنماؤں کے ہمراہ مرکزی قربان گاہ کا دورہ

سیکرٹری قربانی مہم خرم شہزاد نے رہنماؤں کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی
قربانی کے گوشت پر پہلا حق مستحق رشتہ داروں اور ہمسایوں کا ہے: خرم نواز گنڈاپور
سینکڑوں رضاکار عید کے تینوں ایام مستحقین تک گوشت کے پیکٹ پہنچائیں گے: خرم شہزاد

اجتماعی قربانی 2022

لاہور (7 جولائی 2022) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے رہنماؤں کے ہمراہ مرکزی قربان گاہ کا دورہ کیا۔ سیکرٹری قربانی مہم خرم شہزاد نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں کو قربانی مہم کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خریدے گئے جانوروں کی دیکھ بھال، سیکیورٹی اور خوراک کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی قربان گاہ میں جانوروں کی حفاظت کیلئے موسم کے مطابق تمام انتظامات کئے جائیں۔ تمام جانوروں کیلئے ان کی ضرورت کے مطابق چارہ دیا جائے۔ جانوروں کو پانی پلانے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار اور مواخات کا درس دیتی ہے۔ قربانی کے گوشت پر پہلا حق مستحق رشتہ داروں اور ہمسایوں کا ہے۔ قربانی کے گوشت کی تقسیم میں غرباء، مساکین اور ضرورت مندوں کو اولیت دی جائے۔ قربانی کا اصل فلسفہ اور غرض و غایت اللہ کی رضا کا حصول ہے، اگر اسی جذبے سے قربانی کی جائے تو بارگاہ الٰہی میں شرف قبولیت کی سند پاتی ہے۔ عیدالاضحی پر قربانی کا مقصد فقط جانور ذبح کرنا نہیں ہے، اس کی اصل روح تقویٰ اور اخلاص کی آبیاری ہے۔

سیکرٹری قربانی مہم خرم شہزاد نے خرم نواز گنڈاپور کو مرکزی قربان گاہ میں عیدالاضحیٰ کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے تینوں روز قربانی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اجتماعی قربانی کے لئے چھوٹے بڑے جانور خرید لیے گئے ہیں۔ سینکڑوں رضاکار عید کے تینوں ایام مستحقین تک گوشت کے پیکٹ پہنچائیں گے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ملک بھر میں 300 سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کی جائے گی۔ قربانی کے لئے سلاٹر ہاؤس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ویٹنری ڈاکٹرز، پیشہ ور افرادی قوت 24 گھنٹے قربان گاہ میں خدمات انجام دے گی۔ مستحقین تک بروقت گوشت پہنچانے کے لئے چلرز کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے تینوں روز قربانی کا گوشت پکا کر بھی لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔ قربانی کی خوشیوں میں جیل کے قیدیوں کو بھی شریک کیا جائے گا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضاکار مختلف جیلوں میں جا کر قیدیوں کو کھانا فراہم کریں گے۔ خرم شہزاد نے بتایا کہ 50 انتظامی کمیٹیاں اور 5 سو سے زائد افراد قربانی کے انتظامات میں مصروف عمل ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top