علماء نفرتوں کو کم کرنے کے لیے کردار ادا کریں: علامہ رانا محمد ادریس

فساد فی الارض، تہمت، الزام تراشی والی جگہ پر اللہ کی رحمت نہیں آتی
پاکستان کے ذمہ دار سری لنکا کے حالات سے سیکھیں، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Jummuh gathering at Jamy Shaykh ul Islam

لاہور (15 جولائی 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کو نفرت و انتقام سے پاک کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ جہاں نفرت، اشتعال اور عدم برداشت ہو گا وہاں شیطانی قوتوں کا راج ہو گا۔ بدقسمتی سے آج پاکستان ایسے ہی حالات سے دوچار ہے۔ قرآنی تعلیمات ہیں کہ حد سے آگے مت بڑھو، ایک دوسرے کو برے ناموں سے مت پکارو۔ فساد فی الارض سے بچو، الزام تراشی، تہمت اور غیبت سے دور رہو۔ تحقیق کے بغیر بات کو آگے مت پھیلاؤ، مگر افسوس آج کسی ٹی وی چینل کو آن کریں، کسی نجی محفل میں چلے جائیں تو تجزیوں کے نام پر الزام تراشی اور غیبت ہورہی ہوتی ہے۔ جہاں فحاشی، بداخلاقی ہو گی وہاں اللہ کی رحمت کبھی نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا اسی خطے کا ایک ملک ہے یہاں کی شرح خواندگی 95 فیصد سے زائد ہے۔ یہاں کی سیاحت پوری دنیا میں مشہور تھی مگر کرپشن، اقرباپروری اور غیر عوامی انداز حکمرانی نے ہنستے بستے سری لنکا کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔ یہ سب عقلمندوں کے لئے کھلی نشانیاں ہیں۔ پاکستان کی تمام سیاسی، جمہوری قوتیں سری لنکا کے حالات سے سبق سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان دنیا کمانے کے لئے دنیا میں نہیں آتا، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کا فروغ ایک مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے۔ سودی نظام معیشت کو تقویت دینے کے چور دروازے تلاش مت کیے جائیں اور اللہ کے ساتھ کھلی جنگ سے تائب ہو جاؤ، فرعون کا غرور حقیر مچھر نے خاک میں ملا دیا تھا۔ ابھی بھی مہلت ہے مسلمان صراط مستقیم پر آجائیں اور آزادی کی نعمت کی قدر کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top