تحقیق اور ماڈرن سائنسز پر دسترس ترقی کا راستہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

نوجوان نسل جدید عصری علوم کے حصول پر توجہ دیں، برطانیہ میں کانفرنس سے خطاب
پاکستانی کمیونٹی، مختلف مکتب فکر کے علماء اور فیملیز کی بڑی تعداد میں شرکت

minhaj ul quran

لاہور (18 جولائی 2022ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے برطانیہ اولڈوم مانچسٹر میں ایک بہت بڑی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق اور ماڈرن سائنسز پر دسترس ترقی کا واحد راستہ ہے، نوجوان نسل جدید عصری علوم کے حصول پر توجہ دیں، کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی، مختلف مکتب فکر کے علماء اور فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی، شیخ احمد مصطفی العربی، سید علی عباس بخاری، ظل حسن و دیگر نے شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام جدت اور تحرک کی تعلیمات سے عبارت ہے۔ جو فکر شعور و آگہی کو منجمد کر دے وہ حقیقت نہیں ہو سکتی۔ اسلام دائرے کے سفر کا نام نہیں ہے۔ جب تک مسلمان جدید سائنس، تحقیق کے ساتھ وابستہ رہے تو وہ کائنات کے راز تلاش کرتے اور انسانیت کی رہنمائی کرتے رہے۔ جب سے تحقیق کا راستہ چھوڑا ہے تو ہم اغیار کے دست نگر ہو کر رہ گئے۔ نئی نسل کو اسلاف کے علمی، روحانی، تحقیقی مزاج سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن احیائے اسلام کی تحریک ہے۔ یہ قرآن کے راستے پر رواں دواں ہے۔ قرآن نے کائنات کے رازوں تک رسائی کیلئے تحقیق و تجسس کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان دین کے راستے پر چلتے ہوئے سائنس و تحقیق کا راستہ اختیار کریں۔ اسلاف کے ایجادات کے ٹوٹے ہوئے سلسلے کو بحال کیا جائے۔ تعلیم کو اوڑھنا بچھونا بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو زندگی میں اعتدال اور توازن پیدا کریں۔ انسان کی مادی زندگی، روحانی زندگی اور روزمرہ کے معمولات زندگی میں اعتدال اور توازن قائم کرنے میں ہی کامیابی ہے۔ آج ہمیں ایک کامیاب انسان بننے کے لیے اپنی ضروریات زندگی، کاروبار، جاب وغیرہ حتیٰ کہ عبادات اور اللہ رب العزت کی بندگی و نوکری میں بھی توازن کا حسن پیدا کرنا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top