کامیابی کا پیمانہ دولت نہیں تقویٰ وقابلیت ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

کامیاب زندگی کیلئے ہر معاملے میں اعتدال اور توازن ناگزیر ہے
نوجوان سوشل میڈیا پر وائرل معلومات پر آنکھیں بند کر کے یقین نہ کریں
قائد تحریک منہاج القرآن کا برطانیہ میں یوتھ کانفرنس میں اظہار خیال

Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri addressed National Youth Conference UK

لاہور (20 جولائی 2022ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے برطانیہ میں عظیم الشان یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب زندگی کیلئے ہر معاملے میں اعتدال اور توازن ناگزیر ہے۔ کامیابی کا پیمانہ دولت نہیں تقویٰ اور قابلیت ہے۔ نوجوان اسلام اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو اپنے لئے رول ماڈل بنائیں۔ اسلام نے انسانیت کو امن، محبت اور انسانی حقوق کا ویژن دیا۔ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے تابع کریں۔ نفس کے غلبہ سے بچیں۔ بے ہنگم خواہشات دین اور دنیا دونوں کو بگاڑ دیتی ہیں۔

یوتھ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی، شیخ احمد مصطفی العربی، علی عباس بخاری، ظل حسن و دیگر رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔

شیخ الاسلام نے یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوان زندگی میں کوئی بڑا کام کرنا چاہتے ہیں تو وقت کی قدر کریں اور ہر معاملے میں اعتدال اور توازن سے کام لیں۔ اسلام میں جبر، انتہا پسندی اور متشدد رویوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان دنیا کی چمک دمک کو اپنے اعصاب پر مسلط نہ کریں۔ حصولِ علم ہو، روزگار ہو، یہاں تک کہ عبادات میں بھی توازن سے کام لیں۔ جب توازن بگڑتا ہے تو زندگی کا نظم خراب ہو جاتا ہے۔ اس سے فکری انتشار اور ڈپریشن جنم لیتا ہے۔ ایک سچا مومن مسلمان اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت، انسانیت کی خدمت اور آخرت سنوارنے کیلئے پیدا کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت اُمہ کے کروڑوں نوجوان سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس استعمال کرتے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اُن کا مختلف عقائد و نظریات اور معلومات سے واسطہ پڑتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی معلومات پر اس وقت تک یقین نہ کریں جب تک آپ معلومات کے ماخذ تک رسائی حاصل نہیں کر لیتے۔ سوشل میڈیا کے جہاں لاتعداد فوائد ہیں وہاں بے اندازہ نقصانات بھی ہیں۔ اس لئے اپنا تعلق علوم کے ماخذ سے کبھی بھی کمزور نہ ہونے دیں۔ کتاب کی اہمیت آج بھی مسلمہ ہے۔ کتاب سے اپنے رشتے کو کمزور نہ پڑنے دیں۔ کتابوں میں افضل ترین کتاب قرآن مجید ہے۔ قرآن مجید کی تلاوت اور اس کی تفہیم کو اپنی روزمرہ کی مصروفیات میں شامل کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top