انسانیت کی خدمت اصل سیاست ہے: خرم نواز گنڈاپور

دین اسلام میں مخلوق خدا کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیا گیا ہے
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک کی منہاج القرآن لاہور کے ضلعی عہدیداران سے ملاقات
رانا نفیس حسین قادری نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کو لاہور تنظیم کی کارکردگی رپورٹ پیش کی
ملاقات میں علامہ رانا محمد ادریس، جواد حامد، میاں ممتاز حسین، رانا عتیق الرحمان شریک تھے

Khurram Nawaz Gandapur address Lahore Tanzim

لاہور (20 جولائی 2022ء) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت اصل سیاست ہے۔ اسلام خدمت انسانیت کا دین ہے۔ دین اسلام میں انسانیت کی خدمت اور محبت کو عبادت کا درجہ دیا گیا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کی تعلیمات خدمت و محبت کو فروغ دیا جائے۔ امت مسلمہ تمام انسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پیدا کی گئی ہے جو بلا تفریق رنگ و نسل پوری انسانیت کیلئے سراپا خیر ہے، اللہ رب العزت نے قرآن حکیم میں خدمت انسانیت پر اس قدر زور دیا ہے کہ ہمارے جائز اور حلال مال میں محتاجوں اور مساکین کا حصہ مقرر فرمایا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ایک روایتی سیاسی جماعت نہیں، ہماری سیاست ایک نظریہ پر قائم ہے، اسی نظریے اور عوام کے حقوق کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے جانی و مالی قربانیان بھی دیں ہیں۔ بیداری شعور، ظالمانہ سیاسی نظام کے خاتمہ کی جدوجہد پاکستان عوامی تحریک کی قومی خدمات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے ضلعی عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرنائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس، نائب ناظم اعلیٰ ایڈمنسٹریشن جواد حامد، صدر تحریک منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری، ناظم لاہور میاں ممتاز حسین سمیت تحریک منہاج القرآن لاہور کے ایگزیکٹو کونسل کے ممبران موجود تھے۔

صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کو لاہور تنظیم کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا علم و امن کا پیغام گھر گھر پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 50 سے زائد مقامات پر دروس عرفان القرآن، 227 مقامات پر حلقات دورود کے مثالی پروگرام ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن لاہور کی تنظیم کے عہدیداران تحریک منہاج القرآن کا پیغام امن و محبت لاہور کے ہر فرد تک پہنچانے کیلئے محنت کر رہے ہیں۔ رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ لاہور میں عوامی رابطہ مہم، ممبر سازی مہم و تنظیم سازی مہم جاری ہے، بہت جلد لاہور کی ہر یونین کونسل تک تنظیم سازی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے زیراہتمام مختلف علاقوں میں فری ڈسپنسریاں قائم کی گئیں ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا موبائل ہسپتال و لیب پورے لاہور میں مستحق مریضوں کا مفت علاج کر رہا ہے۔ ملاقات میں سینئر نائب صدر پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کیپٹن (ر) عبد المجید، حاجی محمد امجد، طارق الطاف، رانا عتیق الرحمان و دیگر عہدیداران موجود تھے۔

Khurram Nawaz Gandapur address Lahore Tanzim

Khurram Nawaz Gandapur address Lahore Tanzim

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top