شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بریڈ فورڈ برطانیہ میں مدینۃ الزہراء تعلیمی پراجیکٹ کا دورہ
تعلیم و تحقیق کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، دورہ کے موقع پر گفتگو
لاہور (21 جولائی 2022ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے تنظیمی و تربیتی دورہ برطانیہ کے سلسلہ میں بریڈ فورڈ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرتعمیر عظیم الشان تعلیمی، تربیتی و فلاحی منصوبہ مدینۃ الزہراء کا دورہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہر بشر کو تعلیم و تحقیق، غوروفکر اور فہم و تدبر کی دعوت دیتا ہے، تعلیم و تحقیق اور غوروفکر کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے اپنے قیام سے اب تک تعلیم و تربیت کے فروغ کو اولیت دی ہے، فروغ علم و امن کے لئے منہاج یونیورسٹی لاہور، منہاج ویمن کالج، نظام المدارس پاکستان، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ جیسے باوقار تعلیمی ادارے قائم کیے جہاں لاکھوں طلباء و طالبات زیرتعلیم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن دیار غیر میں بھی آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کے لئے تعلیمی ادارے قائم کر رہی ہے، منہاج کالج مانچسٹر کے عظیم الشان تعلیمی پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد مدینۃ الزہراء کا منصوبہ زیرتعمیر ہے یہاں بھی منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستانی و مسلم کمیونٹی کے بچوں کو معیاری تعلیم و تربیت کی سہولیات میسر آئیں گی۔
اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی، شیخ احمد مصطفی العربی، سید علی عباس بخاری، ظل حسن، سیرت علی خان، رضااختر، مفتی حسن رضا، ڈائریکٹر مدینۃ الزہرہ علامہ محمد افضل سعیدی، ان کے ہمراہ تھے۔ شیخ الاسلام اپنے دورہ برطانیہ کے موقع پر سکاٹ لینڈ، گلاسگو، مانچسٹر میں کانفرنسز سے خطاب کر چکے ہیں۔ انہوں نے دیار غیر میں خدمت دین و خدمت انسانیت انجام دینے والے علماء کرام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
تبصرہ