مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کا منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ

حضرت امام حسین ؓ نے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
محرم الحرام میں علمائے کرام اتحاد و یگانگت، امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
دین اسلام امن و سلامتی کا علمبردارحضرت امام حسینؓ نے ثابت قدمی اور ہمت کا درس دیا: مولانا محمد عاصم مخدوم
ملاقات میں علامہ حسن رضا ہمدانی، سہیل احمد رضا، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا شکیل الرحمان ناصرو دیگر موجود تھے

minhaj university lahore

لاہور (26 جولائی 2022ء) منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کی دعوت پر چیئرمین کل مسالک علما بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم کی قیادت میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علمائے کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں علمائے کرام انتہا پسندانہ سوچ، شدت پسندی اور فرقہ واریت کو مسترد کرتے ہوئے اتحاد و یگانگت، امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی، اخوت و بھائی چارے کا پیغام دیں۔ علمائے کرام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو فروغ دیں۔ نواسہ رسول حضرت امام عالی مقام نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔ آج ملک کو اتحاد و وحدت کی اشد ضرورت ہے اور ہمیں چاہیے کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔

علمائے کرام کے وفد میں مولانا محمد عاصم مخدوم، علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا شکیل الرحمان ناصر، پروفیسر سید محمود غزنوی، علامہ محمد حسین گولڑوی، علامہ غلام عباس شیرازی، علامہ اشرف ربانی، شاہ زادہ احسن گیلانی، علامہ شاہد گورکھا و دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ اتحاد امت کی بات ہوئی ہے، بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کی بات ہوئی ہے۔ بانی و سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے وطن عزیز میں انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ہمیشہ عملی اقدامات کئے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل عالم اسلام کا وہ عظیم مرکز ہے جہاں بلا تفریق رنگ، نسل، مسلک اور مذہب احترام انسانیت کی بات کی جاتی ہے۔ دین اسلام امن و سلامتی کا علمبردار ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی ثابت قدمی اور ہمت کا درس دیتی ہے۔

علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں اتحاد اور عظیم مقصد کیلئے قربانی کا درس دیتا ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور ہمیں برداشت اور بلا تفریق ہر ایک کی عزت و تکریم کرنے کا درس دیتا ہے۔

شکیل الرحمان ناصر نے کہا کہ ملکی ترقی اور قیام امن کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ قیام امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں بھی بھائی چارے اور رواداری کی فضا کو پروان چڑھانے میں علمائے کرام اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

علما کے وفد نے منہاج یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور فروغ علم کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top