محرم الحرام میں علمائے کرام امن اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیں: علامہ امداد اللہ قادری

وفاقی و صوبائی حکومتیں مذہبی تقاریب کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کریں: علامہ میرآصف اکبر قادری
منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں ”پیغام امام حسین علیہ السلام“ کانفرنسز منعقد کی جائیں گی
منہاج القرآن علماء کونسل کے اجلاس میں علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ عثمان سیالوی کی شرکت

minhaj ul quran ulama council meeting

لاہور (28 جولائی 2022) منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ مفتی امداد اللہ قادری نے کی۔ مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر قادری سمیت مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران، علمائے کرام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں علمائے کرام نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن، اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو فروغ دیں۔ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا پیغام دیں۔ نواسۂ رسول حضرت امام عالی مقام علیہ السلام نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔ محرم الحرام کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا، قربانیاں دینا حسینی طرز عمل ہے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں محرم الحرام میں ہونے والی مذہبی تقاریب کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کریں۔ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں کچھ شرپسند عناصر اتحاد امت کو نقصان پہنچانے کیلئے تخریبی کارروائیوں کا سہارا لیتے ہیں۔ نفرت پھیلاتے ہیں اور فساد فی الارض برپا کرتے ہیں ایسے تخریبی عناصر کا اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مقابلہ کرنا ہو گا۔ علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ حکومت بھی ایسے شرپسند عناصر کے خلاف پوری طاقت بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی امن برباد کرنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی علمائے حق ایسا ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علما کونسل کے زیراہتمام ملک بھر میں 500 سے زائد مقامات پر ”پیغام امام حسین علیہ السلام“ کے عنوان سے کانفرنسز منعقد ہوں گی جن میں تحریک منہاج القرآن کے اسکالرز، فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام اور شان اہل بیت اطہار علیہم السلام پر روشنی ڈالیں گے۔ 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی شب بعد نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس“ کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام و مشائخ عظام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ رفیق رندھاوا و دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top