محرم الحرام کے مقدس مہینے کی عزت و تکریم ہم سب پر واجب ہے: علامہ رانا محمد ادریس
محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے
علمائے کرام منبر سے اتحاد و اتفاق کا درس دے کر اپنی ذمہ داری نبھائیں
لاہور (30 جولائی 2022) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران اخوت، بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کی اشدضرورت ہے، علمائے کرام منبر سے اتحاد و اتفاق کا درس دیں، علمائے کرام کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی، انہوں نے کہا کہ ہمیں محرم الحرام میں یہ خیال رکھنا ہو گا کہ کوئی ملک دشمن قومی اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ کر کے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو جائے، سب نے ملکر اتحاد و اتفاق کی طاقت سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے اور دنیا کو امن، محبت کا پیغام دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ معاشرے میں برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اسلامی کیلنڈر کے پہلے اور عظمتوں والے مہینے محرم الحرام کی آمد آمد ہے، اس ماہ مبارک کو اللہ تعالیٰ نے 4 مقدس ترین مہینوں میں سے ایک قرار دیا ہے ”حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے محرم الحرام کو رمضان المبارک کے بعد اپنا مہینہ قرار دیا ہے“ محرم الحرام نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل بیت علیہم السلام کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے باعث تکریم ہے، اس ماہ مقدس کی عزت و تکریم ہم سب پر واجب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہم سب کو ایک قوم بننا ہو گا، معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینا ہو گا۔
تبصرہ