حضرت امام حسین علیہ السلام حق اور یزید باطل ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

آپ ﷺ نے حسنین کریمین علیہما السلام کے بارے میں فرمایا ان کا ولی میں ہوں: قائد منہاج القرآن
نماز خالصتاً اللہ کی عبادت ہے مگر آلِ محمد پر سلام نہ بھیجیں تو نماز نہیں ہوتی

Dr Tahir ul Qadri

لاہور (30 جولائی 2022) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شان اہل بیت اطہار علیہم السلام بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور نبی اکرم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ ”قیامت کے دن میرے حسب و نسب کے سوا ہر سلسلہ نسب منقطع ہو جائے گا“ یعنی ہر ایک کے نسب اور آل کو فنا ہے مگر نسب فاطمہ اور آلِ فاطمہ دائمی ہے۔ اس لئے کہ نسب فاطمہ نسب مصطفی ﷺ ہے اور آلِ فاطمہ آلِ مصطفی ﷺ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسن علیہ السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام کا نبی کریم ﷺ کے ساتھ رشتہ نانا اور نواسے کا ہے مگر حضور نبی اکرم ﷺ نے اس رشتے کی نوعیت بدل دی۔ حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا سے روایت ہے کہ آقا ﷺ نے فرمایا ”ہر ماں کی اولاد اپنے باپ کی طرف منسوب ہوتی ہے، سوائے فاطمہ کی اولاد کے، پس میں ان کا ولی ہوں اور میں ان کا نسب ہوں“۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسی پاکیزہ نسبت کی وجہ سے رب کائنات نے نماز جیسی عبادت جو خالصتاً اللہ کے لئے ہے اس میں بھی آلِ محمد ﷺ پر درود پڑھنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی فضیلت یہ ہے کہ نماز اللہ کی عبادت ہے اس میں کسی غیر کا ذکر بھی روا نہیں ہے۔ کسی غیر کا ذکر اگر نماز کے دوران آجائے تو نماز ٹوٹ جاتی ہے۔ دنیا کا کوئی بڑے سے بڑا شخص، کوئی پیر طریقت، کوئی قطب کوئی غوث بھی آجائے تو ہم حالت نماز میں ادباً دھیان کر کے اُسے السلام علیکم نہیں کہہ سکتے ایسا کرنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے مگر دوران نماز آلِ محمد ﷺ پر سلام نہ بھیجیں تو نماز نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ میں دو چیزیں چھوڑے جارہا ہوں اگر آپ ان کے ساتھ جڑے رہے تو گمراہ نہیں ہوں گے، ان میں ایک قرآن اور دوسری آپ کے اہل بیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت حق ہیں وہ جس طرف ہوں گے حق بھی اُسی طرف ہو گا۔ واقعہ کربلا اور شہادتِ امام حسین علیہ السلام کے تناظر میں عقلی دلیلوں اور وسوسوں سے دور رہا جائے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام حق ہیں اور یزید سراسر باطل ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top