مودت و محبتِ اہل بیتِ اطہار ایمان کا حصہ ہے: صدر منہاج القرآن علماء کونسل
محرم الحرام میں علمائے کرام وحدت، یگانت اور بھائی چارے کا
پیغام دیں: علامہ امداد اللہ قادری
حضرت امام حسین ؑ نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا:
علماء سے گفتگو
لاہور (31 جولائی 2022) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری نے کہا ہے کہ کرہ ارض کی عظیم شہادت، شہادتِ امام حسین ؑ کے حوالے سے ائمہ و محدثین کی یہ ثقہ رائے ہے کہ یہ حکمت الٰہی ہے کہ حضرت امام حسین ؑ کی شہادت کو بلند و ارفع مقام تک پہنچایا جائے تاکہ غلط اور فاسق اقتدار کے خلاف اعلان حق کی ایک زندہ نظیر باقی رہ جائے جو ہر دور میں اہل حق کے لئے فساد اور باطل اقتدار کے خلاف مزاحمت کے لئے فکری رہنمائی کا ذریعہ بن سکے۔ حضرت امام حسین ؑ اور ان کے ساتھیوں کی یزید کے باطل اور فاشسٹ اقتدار کے خلاف مزاحمت حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ یزید کے باطل اقتدار اور اُس کے قاتلِ امام حسین ؑ ہونے کے حوالے سے اگر مگر کی باتوں نے خارجی فکر کی کوکھ سے جنم لیا ہے۔ اہل بیت اطہار کے بدخواہ حضرت امام حسین ؑ کے قتل عمد کو سہواً، اندھا یا بے نامی قتل اور قاتلوں کو نامعلوم بنانے کے بارے میں ابہام پیدا کرنے کی ذہنیت پروان چڑھانے کی ناکام کوشش کرتے رہتے ہیں مگر آئمہ و محدثین اہلسنت و جماعت نے اس فتنہ کی بیخ کنی کر دی ہے۔ فتنہ پرور یزید کے بارے میں سادہ لوح ذہنوں کو پراگندہ نہیں کر سکتے۔ مودت ومحبتِ اہل بیتِ اطہار اہل سنت وجماعت کے ایمان کا حصہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانت، یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام دیں۔ علماء کرام نواسہ رسول حضرت امام حسین ؑ کے امن، اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام عالی مقام ؑ نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔
تبصرہ