محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے: رانا نفیس حسین قادری

مورخہ: 01 اگست 2022ء

ماہ محرم اپنی فضیلت، عظمت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے
ماہ محرم میں فرقہ واریت اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کر کے امن و تحمل کو فروغ دینا ہو گا
صدر تحریک منہاج القرآن لاہور کا پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب

Paigham Imam Hussain Conference in Lahore

لاہور (یکم اگست 2022) تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ اس مقدس مہینے میں فرقہ واریت اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کر کے اتحاد، اتفاق امن و امان اور تحمل کو فروغ دینا چاہیے۔ ماہ محرم اپنی فضیلت، عظمت، حرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے۔ خانوادۂ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین حق کی سربلندی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر کے حق اور باطل کے درمیان قیامت تک کیلئے لکیر کھینچ دی اور منافقوں، غاصبوں، فاسقوں کے چہروں سے نقاب اٹھا دئیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام منعقدہ پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں علما و مشائخ، منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رانا نفیس حسین قادری نے کہاکہ حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا قربانیاں دینا حسینی طرز حیات ہے جبکہ مظلوموں کو اقتدار اور اختیارات کیلئے انصاف سے محروم کرنا انہیں اذیتوں میں مبتلا کرنا اور پھر جانیں لینا یزیدی فکر اور طرز حکومت و سیاست ہے۔ رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ کہ محرم الحرام کے ایام ایثار، قربانی، برداشت کا درس دیتے ہیں اور حق کی خاطر جان مال، اولاد قربان کرنے سے دریغ نہ کرنے کی تعلیمات سے عبارت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزیدی دہشتگردی کا دینی غیرت و حمیت کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا اور باطل کو قیامت تک کیلئے سرنگوں کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج جس دور فتن میں سانس لے رہے ہیں وہ حسینی طرز عمل اختیار کرنے کا متقاضی ہے۔

رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ علمائے کرام امن اور اسلامی اخوت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں اور معاشرے میں برداشت، رواداری کا فروغ دیں۔ علماء و مشائخ فکر حسینی کو عام کریں اور نفرت پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ حضرت امام عالی مقام علیہ السلام نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت اور رواداری کا درس دیا۔

Paigham Imam Hussain Conference in Lahore

Paigham Imam Hussain Conference in Lahore

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top