یزید سیاسی، انتظامی، مالی اور اخلاقی کرپشن کا بانی تھا: منہاج علماء کونسل

مورخہ: 04 اگست 2022ء

یزید نے خلفائے راشد کے نظام احتساب کو ختم کر کے عیش و عشرت کی زندگی اختیار کی
حسین علیہ السلام انسانیت کی بقاء اور یزید ظلم و بربریت کا نام ہے: علامہ میر آصف اکبر

Mir Asif Akbar

لاہور (4 اگست 2022ء) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ یزید سیاسی، انتظامی، مالی اور اخلاقی کرپشن کا بانی تھا۔ یزید نے خلفائے راشد کے نظام احتساب کو ختم کر کے عیش و عشرت کی زندگی اختیار کی۔ قومی دولت کو اپنی اور اپنے ساتھیوں کی عیاشیوں پر بے دردی سے خرچ کیا۔ یزید تارک الصلٰوۃ اور حدود اللہ کا منکر تھا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام انسانیت کی بقاء جبکہ یزید ظلم و بربریت کا نام ہے۔ اگر یزید ملعون کا روز آخرت پر اعتقاد ہوتا تو وہ خانوادۂ رسول ﷺ کی توہین و تضحیک کر کے پیغمبر آخر الزماں ﷺ کو اذیت نہ پہنچاتا۔ یزید ملعون نے نظام خلافت کی مسلمہ دینی و اخلاقی اقدار کو پامال کیا اور تقویٰ و طہارت کی جگہ عیش و عشرت کی زندگی اختیار کی۔ یزید نے اپنا تخت بچانے کے لئے فساد فی الارض کی سرپرستی کی۔ یزید ملعون کے باطل اقتدار کے پہلے سال حضرت امام حسین علیہ السلام اور نفوس قدسیہ کو شہید کیا گیا۔ اس کے اقتدار کے دوسرے سال مسجد نبویؐ کے تقدس کو پامال کیا گیا اور جید اصحاب رسولؐ کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا۔ شہر نبی میں آباد صحابہ کرام، ان کی بہو، بیٹیوں کی عصمت دری کی گئی، یزید ملعون کے اقتدار کے تیسرے سال اس کے بھیجے گئے لشکر نے خانہ کعبہ کا محاصرہ کیا۔ غلاف کعبہ کو نذر آتش کیا اور خانہ خدا کی بدترین بے حرمتی کی گئی۔ یزید اول تا آخر ظلم، جھوٹ، مکرو فریب اور سیاہ کاری کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا دوسوچوں اور دو نظریات کا ٹکراؤ ہے۔ ایک سوچ یزید کی تھی جو طاقت کو حق سمجھتا تھا۔ دوسری سوچ حضرت امام حسین علیہ السلام کی تھی جو کہتے تھے حق طاقت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امام حسین علیہ السلام اور ان کے عظیم ساتھی شہید ہو کر بھی تاقیامت زندہ و جاوید ہو گئے اور یزید تخت بچا کر بھی مردہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہل ایمان کو ہر وقت اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت و مؤدت کے لئے گڑگڑا کر دعا مانگنی چاہیے یہی محبت دنیا و آخرت کی کامیابی و کامرانی کی ضمانت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top