شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی 75 ویں یوم آزادی پر اہل پاکستان کو مبارکباد
پاکستان کو اسلامی جمہوری فلاحی ریاست بنانے کا خواب آج بھی تشنہ تعبیر ہے: قائد منہاج القرآن
لاہور (13 اگست 2022) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اللہ کی نعمتوں میں سے ایک بیش قدر نعمت ہے، ذات اور جماعت کے مفاد سے بالا ہو کر آزادی کی نعمت کی حفاظت کریں، انھوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا خواب اور قائد اعظمؒ کا تصورِ پاکستان مسلمانوں کے لیے ایک ایسی ریاست کا حصول اور قیام تھا جو حقیقی معنوں میں اِسلامی و فلاحی جمہوری ہو۔ مگر یہ خواب آج بھی تشنہ تعبیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان نے 19 نومبر 1940 میں مرکزی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا ”آل انڈیا مسلم لیگ کی جدوجہد صرف مسلمانوں کیلئے نہیں ہے بلکہ اس کا دستر خوان ہر اقلیت کے لئے بچھا ہوا ہے، ہر خطے اور اقلیت کے حقوق کے تحفظ کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔ اپنے آپ کو دوسروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا شکست خوردہ ذہنیت کی انتہا ہے اگر اس پالیسی کو اختیار کر لیا گیا تو مسلمان اپنی تباہی اور بربادی خود مول لیں گے، مسلمانوں کو صرف ایک چیز بچا سکتی ہے کہ اپنا کھویا ہوا وقار بحال کریں“
تبصرہ