سوشل میڈیا دعوت دین کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 23 اگست 2022ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ کا فہمِ دین پراجیکٹ کے اجلاس میں اظہار خیال
اجلاس میں حفیظ اللہ جاوید، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، میاں عبدالقادر، انجینئر رفیق نجم و دیگر کی شرکت

Fahm e Deen program meeting

لاہور (23 اگست 2022ء) نوجوان مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے لئے سوشل میڈیا کے ذریعے دعوت دین کا فریضہ انجام دیں۔ سوشل میڈیا دعوت دین کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے فہم دین پراجیکٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لگ بھگ 8 کروڑ پاکستانی فیس بک، وٹس ایپ گروپس، ٹویٹرز، انسٹاگرام اور دیگر سائٹس استعمال کرتے ہیں اور گھنٹوں سوشل میڈیا پر صرف کئے جاتے ہیں۔ اگر 24 گھنٹے میں 10 منٹ دعوت دین کے لئے مختص کر دئیے جائیں تو اخلاقی اقدار کی بحالی کے لئے یہ مختصر سا وقت انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اور کچھ نہ سہی اگر ہم روزانہ ایک آیت یا ایک حدیث روزانہ شیئر کریں تو ہم گھر بیٹھے دعوت دین کا فریضہ بااحسن انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے دعوت دین کے فروغ کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مختلف موضوعات پر ایمان افروز اور فکر انگیز شارٹ کلپس تیار کر کے ہزاروں افراد تک پہنچانے کی عظیم خدمت انجام دینے پر فہم دین پراجیکٹ کی مرکزی ٹیم کو مبارکباد دی۔

فہمِ دین پراجیکٹ کے ڈائریکٹر حفیظ اللہ جاوید نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14 ماہ میں فہم دین پراجیکٹ کے تحت 1 لاکھ 14 ہزار وابستگان اور 17 ہزار 431 کارکنان رجسٹرڈ ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 ماہ میں شیخ الاسلام کے مختلف موضوعات پر 160 شارٹ کلپس جاری کئے گئے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بہت جلد فہم دین پراجیکٹ کی ایپ تیار ہو جائے گی اس سے دعوت دین کی سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید وسعت پذیر ہو گا۔ اجلاس میں سیکرٹری فہم دین پراجیکٹ علامہ مرتضیٰ علوی، کوآرڈینیٹر میاں عبدالقادر، نائب ناظمین اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، عبدالستار منہاجین، عادل ظہیر، سردار عمر دراز خان، علامہ اشتیاق چشتی، شہباز طاہر، منصور قاسم اعوان، ام حبیبہ اسماعیل، انیلا الیاس، قاری ریاست چدھڑ، شیخ فرحان، رضا طاہر نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top