منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس

مورخہ: 26 اگست 2022ء

تنظیمات کو معمول کی سرگرمیاں ملتوی کر کے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کا حکم
منہاج القرآن سیکرٹریٹ ملازمین کا ایک دن کی تنخواہ فلڈ ریلیف میں دینے کا اعلان
20 کروڑ پاکستانی ساڑھے 3کروڑ متاثرہ بھائیوں کی مدد کریں: خرم نواز گنڈاپور
منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم متاثرہ طلباء کو فیسوں میں ریلیف دینے کیلئے کمیٹی قائم

Rescue goods for victims floods

لاہور (26 اگست 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی ہدایت پر سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے ملازمین نے اپنی ایک دن کی تنخواہ فلڈ ریلیف ایکٹیوٹیز میں دینے کا اعلان کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ان طلباء و طالبات کو فیسوں میں رعایت دینے کے لئے کمیٹی قائم کی گئی جن طلباء و طالبات کے گھر سیلاب اور بارشوں سے منہدم ہوئے اور ان کے والدین کے کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس کی صدارت ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 20 کروڑ پاکستانی جنہیں اللہ نے اس قدرتی آفت سے محفوظ رکھا ہے وہ ساڑھے 3 کروڑ متاثرہ پاکستانی بھائیوں کا اللہ کی دی ہوئی توفیق کے مطابق سہارا بنیں۔ ہمیں اپنے متاثرہ بھائیوں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں، بزرگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ پاکستان کا ہر شہری ان کے دکھ، درد میں برابر کا شریک ہے۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں تمام تنظیمات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ معمول کی سرگرمیوں کو ملتوی کر کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ بھائیوں کی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر مدد کریں۔ تنظیمات کو فلڈ ریلیف کیمپ لگانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے متاثرہ بھائیوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خوشنودی کے حصول کا ایک مقبول عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی، نظم و ضبط اور حق داروں تک حق پہنچانے کا حق ادا کرنا منہاج القرآن کی فلاحی و امدادی سرگرمیوں کا طرہ امتیاز ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ 30 سال کی ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔ ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے۔ ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہیں اور یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔ 8 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 13 سو سے زائد ہو چکی ہے۔ ایک انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ ہر فرد، ہر تحریک، ہر ادارے اور جماعت کو اپنے بھائیوں کی مدد کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امیر خاندان اور بڑے کاروباری ادارے بھی فلڈ ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے نظر آنے چاہئیں۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں فیصل مشہدی منیجنگ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ورلڈ وائڈ نے ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ اور جامع پلان پیش کیا۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں علامہ رانا محمد ادریس، راجہ زاہدمحمود، علامہ میر آصف اکبر، نوراللہ صدیقی، حفیظ اللہ جاوید، رانا محمد فیاض، مظہر محمود علوی، سدرہ کرامت، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، عبدالستار منہاجین، حافظ سعید رضا بغدادی، حاجی منظور حسین قادری، آفتاب احمد خان، کرنل (ر) فضل مہدی، فرحان شیخ و سی ڈبلیو سی کے ممبران نے شرکت کی۔

Rescue goods for victims floods

Rescue goods for victims floods

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top