منہاج القرآن کے وفد کی صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے مزار پر حاضری

مورخہ: 27 اگست 2022ء

وفد نے مزار اقدس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھولوں کی چادر چڑھائی
بزرگان دین کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہے: رانا نفیس حسین قادری
صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم پاکستان کا وقار بلند کر سکتے ہیں: صدر منہاج القرآن لاہور

حضرت بابا بلھے شاہ

لاہور (27 اگست 2022) تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے وفد کے ہمراہ معروف صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے 265ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر قصور میں ان کے مزار اقدس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، ملک کی ترقی و سلامتی اور متاثرین سیلاب کے لئے خصوصی دعا کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا نفیس حسین قادری نے کہاکہ ایک مثالی فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے صوفیاء کرام کی تعلیمات سے رہنمائی کی از حد ضرورت ہے۔ صوفیاء کرام کی تعلیمات ہدایت، رہنمائی اور رہبری کا سر چشمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام نے برصغیر میں اسلام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ صوفیاء کرام کی درسگاہوں میں دین کے ساتھ دنیاوی زندگی گزارنے کے طریقے بھی سکھائے جاتے تھے۔ صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم پاکستان کا وقار بلند کر سکتے ہیں۔

صوفیاء کرام کا پیغام امن، بھائی چارے، بین المسالک رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی ہے۔ صدیوں بعد بھی ان بزرگان دین کی تعلیمات آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ سماجی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے صوفیاء کی طرف رجوع کرنا ہو گا۔ صوفیاء کرام کا بتایا ہوا راستہ وہ ہے کہ جس پر چل کر ہم معاشرے کو جنت نظیر بنا سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت بابا بلھے شاہ ؒ جیسی ہستیوں کے افکار و عمل کو فروغ دیا جائے تاکہ پاکستان کی یک جہتی و سالمیت اور ملت اسلامیہ کے اتحاد کو ممکن بنایا جا سکے۔ صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہی انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top