منہاج القرآن نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دئیے

مورخہ: 27 اگست 2022ء

کارکنان تمام سرگرمیاں ترک کر کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے سرگرم ہو جائیں: خرم نواز گنڈاپور
سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہو گا: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

سیلاب زدگان کیمپ

لاہور (27 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔ مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز تمام سرگرمیاں ترک کر کے صرف سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے سرگرم ہو جائیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون کے ساتھ بڑے پیمانے پر مل کر متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کریں۔ ریاست اداروں کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی مذہبی جماعتیں اور رفاعی ادارے بھی اس مشکل گھڑی میں اپنے ہم وطن بھائیوں کی مدد کریں۔

خرم نواز گنڈاپور نے قوم سے اپیل کی کہ متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے دل کھول کر عطیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین سیلاب مدد کیلئے پکار رہے ہیں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ بارشوں اور سیلاب نے پورے ملک میں قیامت بپا کر دی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ سیاستدانوں کو اقتدار کی رسہ کشی سے فراغت نہیں۔ بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب سمیت آدھے سے زیادہ پاکستان زیر آب ہے۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ مال مویشی بہہ گئے ہیں لیکن دکھ کا مقام ہے کہ سیاستدان کی مدد کرنے کی بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں۔ صرف زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے یہ وقت کام کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اس مشکل گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی آزمائشیں ہمارے گناہوں کی وجہ سے ہوتی ہیں، ہمیں اللہ کے حضور اجتماعی توبہ کرنی چاہیے اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کریم متاثرین سیلاب کی مشکلیں آسان کرے۔ مرنے والوں کی بخشش و مغفرت فرمائے، زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔

سیلاب زدگان کیمپ

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top