منہاج القرآن سنٹرل پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لئے 200 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کر دیئے

لاہور، شیخوپورہ، مرید کے، ننکانہ صاحب، قصور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ڈسکہ، سیالکوٹ، گجرات میں کیمپ قائم کئے گئے
سیلاب متاثرین کی بحالی، گھروں کی دوبارہ تعمیر کوترجیحات میں شامل کرناہوگا: علامہ رانا محمد ادریس
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی میڈیکل ٹیمیں سیلاب متاثرین کا علاج، ادویات فراہم کررہی ہیں، نائب ناظم اعلیٰ
قوم دل کھول کر متاثرین سیلاب کی مدد کرے ریلیف کیمپوں کے دورے کے موقع پر گفتگو

Minhaj Welfare Foundation flood relief activities

لاہور (یکم ستمبر 2022) تحریک منہاج القرآن سینٹرل پنجاب کے جملہ فورمز نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے 200 سے زائد مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دئیے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن اپنے غم زدہ بھائیوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ عہدیداران و کارکنان متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور متاثرین سیلاب کے لئے حکمت عملی بنا کر امدادی کام کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب نے لاہور، شیخوپورہ، مریدکے، ننکانہ صاحب، قصور، پتوکی، گوجرانوالہ، ڈسکہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سمندری، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ سمیت دیگر شہروں میں ریلیف قائم کر دئیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے لاہور و دیگر شہروں میں قائم کیے گئے ریلیف کیمپوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی، گھروں کی دوبارہ تعمیر کوترجیحات میں شامل کرناہوگا۔ پوری قوم دل کھول کر متاثرین سیلاب کی مدد کرے۔ تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے عہدیداران و کارکنان جامع حکمت عملی اور منصوبے کے تحت سیلاب متاثرین تک امداد پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 لاکھ سے زائد مویشیوں اور 25 لاکھ ایکڑ سے زیادہ فصلوں کے نقصان نے ملک کی ایک بڑی آبادی کو اپنے ذریعہ معاش سے محروم کردیا ہے۔ سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہمارا دینی اور قومی فریضہ ہے۔ ہزاروں خاندان اور لاکھوں افراد ہماری مدد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تحت متاثرہ علاقوں میں راشن، خیمے، خوردنی تیل، پانی، خشک دودھ، پتی، نقد رقم اور ادویات کی تقسیم جاری ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی میڈیکل ٹیمیں سیلاب متاثرین کا علاج کررہی ہیں اور ادویات فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اجتماعی توبہ و استغفار کرناہوگا۔ برائیوں کو روکنے اور نیکیوں کو پھیلانے کا ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کرنا ہوگی۔ متاثرین کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے یہ ہماری دینی اور قومی ذمہ داری ہے۔

Minhaj Welfare Foundation flood relief activities

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top