سیدنا داتا علی ہجویریؒ تصوف کے سلطان ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

کشف المحجوب حکمت و معرفت اور علم و دانش کا خزانہ ہے، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
باطن کو حق کی مخالفت سے پاک کرنے کا نام تصوف ہے، جامع شیخ الاسلام میں خطاب

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri addressing friday gathering

لاہور (16 ستمبر 2022) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے کشف المحجوب کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیدنا داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ تصوف کے سلطان ہیں۔ آپ کی تعلیم و تربیت اور دعوت دین سے برصغیر پاک و ہند میں توحید و رسالت کے چراغ روشن ہوئے، کشف المحجوب حکمت و معرفت اور علم و دانش کا خزانہ ہے۔ داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے تصوف کو کشف و کرامات کے دائرے سے نکال کر قرآن و سنت سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو جوڑا۔ آپ اپنے وقت کے متبحر عالم دین تھے۔ آپ کی زندگی کا ہر لمحہ احکام شریعت کے تابع تھا۔ آپ فرماتے تھے جس شخص نے عمل کو علم سے جدا کیا اور معرفت کو علم سے الگ کیا اس نے کفر کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطبہ جمعۃ المبارک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درگاہ آج بھی تشنگان حکمت و معرف کا محور و مرکز ہے۔ دین اسلام کیلئے آپ کی بے مثل خدمات کی وجہ سے آپ کا مزار خاص و عام کی توجہ کا مرکز ہے۔ آپ نے حقیقی تصوف کو اغراض کی آلائشوں سے پاک صاف کیا اور اپنے عمل سے بتایا کہ تصوف قرآن و سنت سے ہرگز جدا نہیں ہے۔ آپ فرماتے نفس کی مخالفت سب عبادتوں کی اصل ہے اور مجاہدے کا کمال ہے۔ عمل کے بغیر علم بے فائدہ ہے، راہ سلوک پر پہلا قدم توبہ ہے۔ آپ نے غافل عالم، خوشامدی فقیر اور جاہل صوفی کی صحبت سے منع فرمایا۔

نماز جمعہ کی دعا چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کروائی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت سیلاب متاثرین کی غیب سے مدد و نصرت فرمائے اور وہ جلد سے جلد اپنے گھروں کو لوٹیں اور اللہ تعالیٰ اہل پاکستان کو آفات سے محفوظ و مامون رکھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top