اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن و محبت کی تعلیم دی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اولیائے اللہ نے امن اور محبت کی تعلیم دی۔ مذہب کے نام پر امن کو برباد کرنے والے اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ نوجوانوں کو انتہا پسندی اور متشدد رویوں سے بچانا بڑا چیلنج ہے۔ علماء اسلام کی علم و ادب پر مبنی اقدار کا احیاء اور احترام کے کلچر کو زندہ کریں۔
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اسلام کا حقیقی پیغامِ امن و محبت، اعتدال اور رواداری ہے۔ اسلام دلوں کو توڑنا نہیں جوڑنا سکھاتا ہے۔ اولیاء کرام نے ہمیشہ امن و محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کی درگاہیں علم اور ادب سیکھنے اور سکھانے کے مرکز ہیں۔ شدت پسند رویوں کے خاتمے اور زندگی میں اعتدال لانے کے لے ہمیں صوفیاء اور بزرگان دین کی تعلیمات کی طرف لوٹنا ہوگا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئمہ، محدثین و فقہا کے درمیان علمی بنیاد پر اختلاف رائے رہتا تھا مگر علمی اختلافِ رائے کے اظہار کے باوجود باہمی ادب و احترام پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جاتا تھا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صفات میں سے اعلیٰ ترین صفت آپ ﷺ کا خلق عظیم ہے۔ آپ ﷺ اپنوں تو کیا پرائیوں سے بھی ہمیشہ عزت سے پیش آتے اور اخلاق سنوارنے کی تعلیم دیتے اور تلقین فرماتے۔ علمائے کرام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو گمراہی سے بچائیں۔ انہیں اولیائے اللہ اور اہل علم کی صحبت میں بیٹھنے کا ادب سکھائیں۔ ان کے اخلاق سنواریں۔ ”با ادب با نصیب، بے ادب بے نصیب“۔ قومی بدنصیبی کی ایک بڑی وجہ بڑھتی ہوئی بے ادبی ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن سے وابستہ نوجوانوں کو علم کے ساتھ ساتھ ادب سکھایا۔ منہاج القرآن کے وابستگان نازک سے نازک حالات میں بھی کسی کی تحقیر اور بے ادبی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
تبصرہ