مذہبی انتہا پسندی ایک فتنہ اور چیلنج ہے: ڈاکٹر طاہر رضا بخاری
صوفیاء نے اعتدال اور رواداری کی تعلیم دی، منہاج القرآن کی مرکزی قیادت سے ملاقات
منہاج القرآن اتحاد امت اور بین المسالک ہم آہنگی کی توانا آواز ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
ملاقات میں خرم نواز گنڈا پور، ڈاکٹر بدرالزماں قادری و دیگر علماء شریک تھے
لاہور (23 ستمبر 2022) ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید ورک اور مینجر شیخ جمیل نے علماء کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات کی اور حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے موقع پر منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت اور خطاب کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ حضرت داتا علی ہجویری کی درگاہ علم و امن اور شعور و آگاہی کے فروغ کا گہوارہ اور مرکز ہے، صوفیاء نے عمر بھر اعتدال و رواداری کی تعلیم دی پاکستان کو انتہاپسندی و فرقہ پرستی سے پاک کرنے اور حقیقی امن کا گہوارہ بنانے کے لیے صوفیاء کی تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔ انہوں نے شرپسند عناصر کی طرف سے داتا صاحب کے عرس کی تقریبات اور مسجد و مزار کے تقدس کو مجروح کرنے کے عمل پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع منصوبہ بندی اوراس کے بروقت نفاذ کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے انسانیت سے پیار اور محبت کا درس دیا اور ہمیشہ امن کی بات کی، صوفیا کی تعلیمات پر عمل میں ہی نجات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں منہاج القرآن کے تعلیمی وتربیتی اداروں میں امن و محبت کی تعلیم دی جاتی ہے۔
منہاج القرآن اتحاد امت، بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کی ایک توانا اور معتبر آواز ہے۔ ملاقات میں علامہ محمد بدرالزماں قادری، مفتی ریاض احمد خان، مفتی عرفان اللہ اشرفی، مفتی محمد ہاشم، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، راجہ زاہد محمود، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، علامہ عین الحق بغدادی، شہزاد رسول، قاضی فیض الاسلام اور صوفی مقصود ملک موجود تھے۔
تبصرہ