شیوخ الازہر کا چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے ہمراہ فرید ملتؒ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا مطالعاتی دورہ
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام مینارِ پاکستان لاہور پر منعقد ہونے والی 39ویں عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس 2022ء میں شرکت کے لیے مصر سے بطور مہمان خصوصی تشریف لانے والے سابق رئیس جامعۃ الازہر الشیخ الدکتور ابراہیم صلاح الھدھد اور فضیلۃ الشیخ سید احمد محمود الازہری (جامع الازہر، مصر) نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی معیت میں مرکز علم و تحقیق فرید ملتؒ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا علمی دورہ فرمایا۔
ڈائریکٹر FMRi محمد فاروق رانا نے معزز مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا تفصیلی دورہ کروایا۔
فرید ملتؒ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کے علمی، تحقیقی اور تجدیدی شذراتِ علمی کو اہل علم اور عامۃ الناس تک پہنچانے کا فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ بذات خود حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کے تجدیدی کارناموں ميں سے ایک ہے، جہاں آپ کے تربیت یافتہ اسکالرز تجدید و احیاء دین کی مساعی جمیلہ میں آپ کی راہ نمائی ميں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ یوں ایک شخصیت کے علمی و تجدیدی کام کو منصۂ شہود پر لانے کے لیے ایک جامع اور مربوط ادارہ کام کر رہا ہے، لیکن ایک شخصیت کا کیا گیا علمی وتجدیدی کام ایک ادارہ بھی سنبھال نہیں پا رہا۔ یہ اللہ تعالیٰ کی خاص توفیق اور کرم ہے جو اُس نے حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ پر فرمایا ہے۔
فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں فاضل مہمانان گرامی قدر کو حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ کی قرآن و علوم القرآن، حدیث و اصول الحدیث، ایمانیات و عبادات، اعتقادیات، فقہیات، اخلاق و تصوف اور اقتصادیات و فکریات جیسے اہم موضوعات پر عربی ، اردو، انگلش اور مختلف زبانوں میں طبع ہونے والی 615 سے زائد کتابوں کے حوالے سے اہم بریفنگ دی گئی۔
جلیل القدر شیوخ نے شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی امت مسلمہ کے لیے کی گئی ان گراں قدر علمی و تجدیدی خدمات پر اُنہیں خراج تحسین پیش کیا اور شیخ الاسلام کے لیے اپنی بے پناہ محبت، وارفتگی اور مسرت کا اظہار کیا۔
فضیلۃ الشیخ الدکتور ابراہیم صلاح الہدہد نے وفور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے شیخ الاسلام ادامہ اللہ تعالیٰ کی تمام عربی مطبوعات گن کر ساتھ لے جانی ہیں، ان میں سے کوئی ایک بھی رہنی نہیں چاہیے۔ جب کہ فضیلۃ الشیخ سید احمد محمود الازہری نے بھی اسی طرح کے شدید محبانہ جذبات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں یہ تمام کتابیں مطالعہ اور استفادہ کے لیے مہیا کی جائیں، یقیناً یہ کتابیں ہمارے پاس پہلے سے موجود شیخ الاسلام کی دیگر کتب کی طرح ہماری علمی تشنگی بجھانے کا باعث بنیں گی۔
نیز معزز عرب شیوخ نے حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی اسانید و اجازاتِ روایت حدیث لینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ ان کی اس خواہش کی تکمیل چئیرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کے دستِ مبارک سے انہیں شیخ الاسلام کی تمام اجازات حدیث دے کر کی گئی۔ جس پر فضیلۃ الشیخ احمد محمود الازہری کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عطا کردہ یہ اجازاتِ حدیث ہمارے لیے ایک ہزار ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں سے بہتر اور بابرکت ہیں۔
جامعہ ازہر کے معزز شیوخ نے کافی وقت FMRi کے ریسرچ اسکالرز کے ساتھ شیخ الاسلام کی کتب اور تصنیف و تالیف کا کام کرنے کے طریقہ کار کی معلومات لینے میں گزارا۔ بعد ازاں فضیلۃ الشیخ احمد محمود الازہری کی اقتدا میں نماز ظہر با جماعت ادا کی گئی۔
اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، برگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، پروفیسر محمد نواز ظفر، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، سردار شاکر خان مزاری، میر آصف اکبر قادری، صاحبزادہ قاسم، ڈاکٹر محمد تاج الدین کالامی، ڈاکٹر محمد افضل قادری، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، علامہ محمد علی قادری، علامہ ظہیر احمد الاسنادی، قاضی فیض الاسلام اور فریدِ ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے دیگر اسٹاف ممبران موجود تھے۔
تبصرہ