سویڈن: شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری کا مالمو میں میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب
شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل مالمو، سویڈن کے زیراہتمام منعقدہ میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے "تعلیماتِ قرآن کی روشنی میں اتباع رسول ﷺ" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہر موقع پر آقا کریم ﷺ کی اطاعت اور اتباع بجا لاتے تھے، تحویلِ کعبہ کے موقع پر عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ کا امتحان تھا اور اللہ رب العزت یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ کون کون میرے مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع کرتے ہوئے عشق کے راہ پر چلتا ہے اور کون عقل کی راہ کو چُنتا ہے، دراصل یہ ادبِ مصطفیٰ ﷺ اور تعظیم و توقیرِ مصطفیٰﷺ کا امتحان تھا۔
صلح حدیبیہ کے موقع پر جب حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو مشرکین مکہ کی طرف سے عمرہ کی پیش کش کی گئی تو انہوں نے یہ کہہ کر صاف انکار کر دیا کہ اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پہلے میں کبھی عمرہ ادا نہیں کروں گا، اسی طرح حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے حجرِ اسود کو بوسہ دیتے ہوئے مخاطب کرکے کہا تھا کہ نہ تو تو مجھے نفع دے سکتا ہے اور نہ نقصان، اگر میں اپنے آقا کریمﷺ کو تجھے بوسہ دیتے ہوئے نہ دیکھا ہوتا تو میں کبھی تجھے بوسہ نہ دیتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی راہ پر چلتے ہوئے اپنی زندگیاں عشق و ادبِ مصطفیٰ ﷺ اور اتباعِ رسول ﷺ میں گزارنے کی کوشش کریں۔
محفلِ میلاد کی اس بابرکت تقریب میں بلال اوپل، بابر شفیع، میاں عمران الحق، علی عمران، اویس اعجاز، سید محمود شاہ، ڈاکٹر عرفان ظہور احمد، حافظ سجاد احمد، شفقت ریاض، حسن بوستان، فیصل نجیب، علامہ حافظ محمد ادریس الازہری، منہاج سکول آف اسلامک سائنسز کے طلباء و طالبات، ان کے والدین کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ