مسیحی برادری کیساتھ اظہار یکجہتی ،منہاج یونیورسٹی لاہور میں کرسمس تقریب
مسیحی برادری کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ڈیپارٹمنٹ آف ریلیجن اینڈ فلاسفی منہاج یونیورسٹی لاہور اور انٹرفیتھ ایڈوینٹسٹ مسلم ریلیشنز کے تعاون سے منہاج یونیورسٹی لاہور میں کرسمس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج یونیورسٹی سہیل رضا، صدر انٹرفیتھ ایڈوینٹسٹ چرچ کالج (کوریا) ریورنڈسنگبائی جی اور ڈائریکٹر انٹرفیتھ ایڈوینٹسٹ مسلم ریلیشنز سیموئل نذیر نے خطاب کیا۔
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزادنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور بھائی چارے کیلئے تمام مذاہب عالم کا احترام لازمی ہے۔ عیسائیت اور اسلام کا جوہر امن و سلامتی ہے۔ دونو ں مذاہب کے درمیان آپس میں ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری نے ہمیشہ اپنی تصانیف میں بین المذاہب مکالمہ اور مختلف ثقافتوں، تہواروں اور عقائد کے درمیان افہام و تفہیم اور رواداری کا درس دیا ہے۔ خطاب کے اختتام پر وائس چانسلر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی۔
رجسٹرار منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر خرم شہزاد نے اپنے خطاب میں مسیحی برادری کے رہنماوں کو منہاج ہونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ترقی و خوشحالی اور امن و محبت دوسرے مذاہب کے احترام سے مشروط ہے۔ ریورنڈ سنگبائی جی نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس تہوار یسوع مسیح کی پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کو مناتے ہوئے یسوع مسیح کے امن، محبت اور ہم آہنگی کے پیغام کو یاد رکھنا ضروری ہے۔
سیموئل نذیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائبل کا اصل پیغام اپنوں سمیت دشمنوں سے بھی پیار اور محبت سے پیش آنا چاہیے، منافقت، افراتفری اور اہک دوسرے پر الزام تراشی سے بچنے کیلئے محبت اور امن و آشنی کو پھیلانا ضروری ہے۔
ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف ریلیجن اینڈ فلاسفی ڈاکٹر ہرمن روبرگ نے کہا کہ کرسمس پوری دنیا میں جوش وو لولے کے ساتھ منایا جانے والے ایک اہم تہوار ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کے اختتام پر کرسمس کیک کاٹا گیا جس میں مہمانان اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے مسیحی سٹاف سمیت مختلف تعلیمی اور انتظامی شعبہ جات کے عہدیداران نےشرکت کی۔
تبصرہ