دیانت اور صداقت قائداعظمؒ کی شناخت تھی: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
قومیں ایماندار قیادت سے ترقی کرتی ہیں: یوم ولادت پر بیان
لاہور (24 دسمبر 2022) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دیانت، امانت اور صداقت قائد اعظمؒ کی شناخت تھی۔ انہوں نے عمر بھر عوامی و قومی وسائل اور اثاثوں کی حفاظت کی، عوامی و ریاستی عہدے کو کبھی اپنی ذات کے لئے استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے اپنی کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کو پاکستان کی آزادی اور پھر معاشی استحکام کے لئے قربان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایماندار قیادت سے قومیں عروج پاتی ہیں اور بدعنوان ارباب اختیار قوموں کے زوال کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی امانت و صداقت اور حق گوئی کے معترف ان کے مخالف بھی تھے۔ قائد اعظمؒ گفتار نہیں کردار کا نام ہے۔ بانی پاکستان فکری رہنمائی قرآن وسنت سے لیتے تھے وہ پاکستان کو ایک اسلامی، جمہوری، فلاحی ریاست بناناچاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کو اللہ نے بصیرت کے خزانے عطا کئے تھے۔ انہوں نے قیام پاکستان کے فوری بعد اقربا پروری، رشوت ستانی، ذخیرہ اندوزی سے بچنے کی ہدایت کی تھی۔ وہ جانتے تھے کہ یہ سماجی برائیاں بطور قوم کمزور کردیں گی۔ مگر افسوس قائد اعظمؒ کے اخلاقی و انتظامی اصولوں کو نظر انداز کر دیا گیا جس کا نتیجہ بے یقینی اور مایوسی کی صورت میں آج ہم سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیانت اور صداقت کے بغیر کوئی ملک اورمعاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
تبصرہ