منہاج القرآن نسل نو کی کردار ساز تحریک ہے: محمد رفیق نجم

معاشرے سے جہالت دور کرنے اور تعلیم کو عام کرنے کیلئے کام کرنا ہو گا
اپنی نسلوں کے ایمان کی بقا کیلئے بچوں کو بنیادی دینی تعلیم سکھائیں: نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا ’’مصطفوی مشن کا داعی گھرانہ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں اظہار خیال

Rafiq Najam addressing ceremony in Sargodha

لاہور (29 دسمبر 2022) نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن نسل نو کی کردار ساز تحریک ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے ایمان کی حفاظت کریں، بچوں کو بامقصد تعلیم سے وابستہ کریں، معاشرے سے جہالت کو دور کر نے اور تعلیم کو عام کرنے کیلئے کام کریں۔ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا علمی و تحقیقی کام آنے والے نسلوں کے ایمان کی حفاظت کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں ایک فکر اور نظریہ دیا ہے جس پر عمل کر کے ہم اپنے گھروں کو مصطفوی مسکن بنا سکتے ہیں۔ بچے، بزرگ، جوان مرد و خواتین تحریک منہاج القرآن کا حصہ بنیں اور اپنے گھروں میں حلقہ درود قائم کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے زیراہتمام ”مصطفوی مشن کا داعی گھرانہ“ کے عنوان سے منعقدہ ایک منفرد پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

انجینئر محمد رفیق نجم نے تحریک منہاج القرآن سرگودھا کی تنظیم کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کی روشنی میں تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں 96 ایسے گھرانوں نے شرکت کی جن کے میاں، بیوی اور بچے تحریک منہاج القرآن اور مصطفوی مشن کے فروغ کیلئے عملی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انجینئر محمد رفیق نجم نے بھی تقریب میں فیملی کے ہمراہ شرکت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد ہمارے احوال سنوارنے اور ایمان کی حفاظت کیلئے ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام اپنے بچوں میں منتقل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی نسل کے ایمان کی بقا کیلئے بچوں کو بنیادی دینی تعلیم سکھائیں۔ تحریک منہاج القرآن نظامت دعوت و تربیت نے پورے ملک میں قرآن لرننگ کورسز شروع کر رکھے ہیں۔ قرآن حکیم کو سمجھے بغیر دستور العمل بنانا ممکن نہیں۔ اپنے بچوں کی شرکت قرآن لرننگ کورس میں لازمی بنائیں اور انہیں مصطفوی مشن کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ بے سکونی اور مایوسی سے نجات کا واحد ذریعہ سیرت النبی ﷺ میں موجود ہے۔ ہمیں علم حاصل کر کے پھر عمل کی طرف جانا ہو گا۔ سب سے عظیم دولت ایمان ہے اور آج نسلوں کے ایمان کی حفاظت کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن راجہ اکرام اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب میں 96 گھرانوں نے شرکت کی ہے جلد ہی ایک اور تقریب کا انعقاد کریں گے جس میں 500 گھرانے شرکت کریں گے۔ ضلعی ناظم اقبال کاشف نے استقبالیہ کلمات میں شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top