خواتین کا ہر دور میں شاندار تعلیمی و تربیتی کردار رہا ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

منہاج القرآن ویمن لیگ کو 35 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتا ہوں: بانی و سرپرست منہاج القرآن
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور کی مبارکباد
35واں یوم تاسیس ”معمار جہاں ہم ہیں“ کے عنوان سے منایا جائے گا

Dr Tahir ul Qadri message on Minhaj Women Leauge foundation day 2023

لاہور (4 جنوری 2023) بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے 35ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کا ہر دور میں شاندار تعلیمی و تربیتی کردار رہا ہے، تاریخ بتاتی ہے کہ ملک، معاشروں، تحریکوں کی ترقی اور زوال میں بھی خواتین کا کردار تھا، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے حضور نبی اکرم ﷺ کے 22 سو فرامین بیان فرمائے اور علم الحدیث کو فروغ دیا، حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا 100 سے زائد اصحابِ رسول ﷺ کی استاد ہیں۔ 700 سے زائد صحابیات نے حضور نبی اکرم ﷺ کے فرامین و تعلیمات کو اُمت تک پہنچایا۔ حضرت امام عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں امام بخاری کی اسانید میں کچھ خواتین اُن کی شیوخ میں شامل ہیں۔ صحیح مسلم کی بعض اسناد میں امام مسلم کی شیخ خواتین ہیں۔ 80 خواتین امام ابن عساکر کی استاد رہی ہیں۔ قرون اولیٰ اور وسطیٰ میں خواتین اساتذہ سے مسلم یونیورسٹیز اور تعلیمی ادارے آباد تھے۔

تحریک منہاج القرآن بطور مذہبی، اصلاحی تربیتی تحریک اسی مصطفوی فکر اور تعلیمات کے تحت ویمن ایجوکیشن پر سب سے زیادہ فوکس کیے ہوئے ہے، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے آج کے دور میں خواتین بطور استاد، مبلغ و داعی، موٹیویشنل سپیکر، ویلفیئر ورکر خدمات انجام دے رہی ہیں اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی دعوتی مساعی کے نتیجے میں سالانہ ہزارہا خواتین فیض یاب ہو رہی ہیں، مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے لیے مصطفوی گھرانہ کی حیثیت خشت اول کی ہے اور مصطفوی گھرانہ کی تعمیر خاتون خانہ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مصطفوی تعلیمات کے زیور سے آراستہ ماں تیار کرنے کے ضمن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی خدمات تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی، منہاج القرآن ویمن لیگ کے 35 ویں یوم تاسیس پر اپنی تمام ذمہ دار بیٹیوں کو مبارک باد دیتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ رب العزت ان بیٹیوں کی خدمت دین قبول فرمائے اور ان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے۔

چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نائب صدر بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں نے بھی منہاج القرآن ویمن لیگ کو 35ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ تعلیم و تحقیق اور خدمت خلق کے شعبہ میں بھی ایک مسلمہ شناخت رکھتی ہے۔

دریں اثناء منہاج القرآن ویمن لیگ کا 35واں یوم تاسیس آج 5جنوری کو ”معمار جہاں ہم ہیں“ کے عنوان سے انتہائی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہو گی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شرکت کریں گی۔ ان تقریبات میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی 35سالہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top